62

کراچی میں کرونا کا نیا ویرینٹ، خطرے کی گھنٹی بج گئی

بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے 2 مسافروں میں کرونا کے نئے ویرینٹ کی تصدیق ہوگئی۔

بینکاک اور ابوظہبی سے آنے والے 2 مسافروں کا جے این ون ٹیسٹ مثبت نکلاہے۔ محکمہ صحت سندھ کو بیرون ملک سے کراچی ائیرپورٹ پہنچنے والے 6 مشتبہ کوویڈ ویرئینٹ مسافروں کی رپورٹ موصول ہوگئی ہے۔

نئے کوویڈ ویرینٹ جے این ون کی جانچ کے لیے بھیجے گئے 6 مسافروں میں سے 2مسافروں میں کوروناکی نئی قسم کی تصدیق ہوگئی۔بینکاک اور ابوظہبی سے آنے والے 2 مسافروں کا جے این ون ٹیسٹ مثبت نکلا۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کا کہنا تھا کہ جے این ون ویرینٹ کا شکار ایک 26 سالہ مسافر کا تعلق بلوچستان کے علاقے کیچ سے اور دوسرے 53 سالہ مسافر کا آبائی تعلق سانگھڑ جبکہ رہائش قاسم آباد حیدرآباد کی ہے۔

دونوں مسافروں کو سختی سے گھروں میں قرنطینہ کی ہدایت کردی گئی ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ شارجہ سے 2 اور جدہ سے کراچی پہنچنے والے تینوں مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ جدہ سے کراچی پہنچنے والے دوسرے ڈی جی خان کے رہائشی 60 سالہ مسافر کا پی سی آر ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

خیال رہے کہ تین روز قبل قومی ادارہ برائے صحت نے بارڈر ہیلتھ سروسز ڈپارٹمنٹ کو کووڈ ٹیسٹنگ کٹس فراہم کر دیں تھیں۔ وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق بارڈر ہیلتھ سروسز ڈپارٹمنٹ کو 40 ہزار ریپڈ ڈائگنوسٹک کٹس دی گئیں تھی۔

حکام نے بتایا تھا کہ اسلام آباد سمیت زیادہ ترائیرپورٹس پرباہر سے آنے والوں کی کووڈ ٹیسٹنگ شروع ہوگئی ہے، بیرون ملک سے آنے والے 2 فیصد مسافروں کی لازمی کووڈ ٹیسٹنگ ہوگی۔ ظاہر ہونے والے کووڈ کیسز کی جینوم سیکونسنگ بھی ہورہی ہے۔