30

عام انتخابات سے قبل سیاسی پارہ ہائی، نوازشریف کا عملی سیاست سے متعلق اہم اعلان

آئندہ عام انتخابات اور مسلم لیگ ن کے قائدین کے انتخابی جلسوں کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ انتخابات میں لیگی امیدواروں کی انتخابی مہم میں گہماگہمی کے لیے نواز شریف متحرک ہوگئے۔ نواز شریف نے اپنا پہلا انتخابی جلسہ مانسہرہ میں کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف 22 جنوری سے پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ نواز شریف کے پہلے جلسے کے لئے پنجاب کے ضلع قصور اور مانسہرہ میں مقابلہ تھا جو کہ مانسہرہ نے جیت لیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی مانسہرہ میں جلسے کے لئے قائد نواز شریف کے ہمراہ ہوں گی۔ پارٹی صوبہ خیبرپختونخوا میں نواز شریف کے انتخابی جلسے کو کامیاب پاور شو بنانے کے لیے سرگرم ہوگئی ہے۔ مانسہرہ میں جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے پارٹی نے کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اور سردار یوسف کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق پارٹی صدر شہباز شریف اور سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز بھی ملک بھر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرینگے جبکہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی لاہور اور بھیرہ میں انتخابی جلسوں میں پارٹی ووٹروں کا خون گرمائیں گی۔