معروف اداکار و گلوکار فرحان سعید اور اداکارہ عروہ حسین کے ہاں شادی کے 7 سال بعد پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
عروہ اور فرحان نے سماجی پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ساتھ تصویر شئیر کرتے ہوئے مداحوں کو بڑی خوشخبری سُنائی کہ 3 جنوری کے روز ان ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے ۔
عروہ حسین نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ خوشی، نعمت اور ہماری زندگی کا سب سے قیمتی تحفہ آ گیا ہے۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کانام جہاں آرا سعید رکھا ہے تاہم انہوں نے لکھا کہ ہماری آنکھوں کا تارا جسے ہم پیار سے ”آرا“ کہیں گے یہ ہمیشہ کے لیے ہمارے دلوں کی ملکہ ہے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے لیے ناقابل تصور خوشی اور شکر گزاری لانے کے لیے آرا کا شکریہ! آپ کی پیدائش کے ساتھ ہی یہ ہمارا دوبارہ جنم بھی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ آپ سے سیکھیں گے اور آپ کے لیے ہر روز بہتر اور بہتر والدین بنیں گے۔
اپنی بیٹی کیلئے دعائیں لکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ پروان چڑھیں، کھلیں، اپنے پاکیزہ دل کے ساتھ ہر جگہ کو روشن کریں، بلند و بالا پرواز کریں۔
عروہ حسین اور فرحان سعید نے 22 نومبر 2016 کو اپنی منگنی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا، جس کے ایک ماہ بعد دونوں ستارے 16 دسمبر 2016 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے۔