38

جاپان میں 379 مسافروں بھرا طیارہ ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے دورا ن دوسرے طیارے سے ٹکرا گیا، ہلاکتیں

جاپان میں  کے دار الحکومت ٹوکیوکے ایئر پورٹ پر خوفناک منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب مسافروں سے بھرا طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر موجود دوسرے طیارے سے ٹکرا گیا اور جل کر خاکستر ہو گیا خوش قسمتی سے تمام مسافر بچ نکلے لیکن دوسرے طیارے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

 تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ٹوکیو کے ایئر پورٹ ’ ہنیڈا‘ پر پیش آیا ،جاپان ایئر لائنز کا  379 سواریوں کو لانے والا مسافر طیارہ جاپان کے شمال میں واقع شہر ’ ساپورو ‘ سے آ رہا تھا ۔ طیارے نے جیسے ہی لینڈنگ کی تو اس دوران کوسٹ گارڈ کا ریلیف طیارہ رن وے پر سامنے آ گیا جس سے زور دار ٹکر ہوئی اور دونوں طیاروںمیں آگ بھڑک اٹھی۔

مسافر طیارے میں آگ لگنے کے بعد ہنگامی آپریشن کرتے ہوئے تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا جس میں 8 بچےبھی شامل ہیں جن کی عمریں 2 سال سے کم ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ کوسٹ گارڈ کا طیارہ درحقیقت زلزلے کیلئے ریلیف آپریشن انجام دے رہاتھا جس میں سوار تمام 5افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ۔جاپان کوسٹ گارڈ کے طیارے کے کیپٹن کی حالات تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

سی این این نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیاہے کہ جاپان ایئر لائنز کے طیارے میں سوار 17 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے ، تاہم ایئر لائن کمپنی کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔بتایا گیاہے کہ ریسکیو آپریشن میں 100 سے زائد فائر بریگیڈز کی گاڑیوں نے حصہ لیا ۔

یہاں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ گزشتہ روز جاپان میں 7.6 کے زلزلے نے پورے ملک کو ہلاکر رکھ دیا جبکہ اس کے بعد 50 سے زائد آفٹرشاکس بھی ریکارڈ کیئے گئے ،جاپان کے وسطی شہروں میں سونامی کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے اور شہریوں کو بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ، خوفناک زلزلے کے باعث اب تک 48 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعت ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے ۔