یوٹیوب دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹس میں سے ایک ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے۔
اس ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کو اب کمپیوٹر کے مقابلے میں موبائل فون میں زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔
مگر اینڈرائیڈ اسمارٹ فون کی یوٹیوب ایپ میں ویڈیو کو دیکھتے ہوئے آپ کوئی اور کام نہیں کرسکتے کیونکہ جیسے ہی آپ ویڈیو شیئرنگ سروس سے باہر نکلیں گے، ویڈیو بند ہو جائے گی۔
البتہ اگر آپ یوٹیوب پریمیئم استعمال کرتے ہیں تو ایپ سے نکلنے کے بعد بھی ویڈیو پکچر ان پکچر موڈ میں چلتی رہے گی۔
مگر یوٹیوب کی ایک ٹِرک سے آپ پریمیئم اکاؤنٹ کے بغیر بھی اسمارٹ فون میں یوٹیوب میوزک ویڈیو بیک گراؤنڈ میں سنتے ہوئے دیگر ایپس کو استعمال کر سکتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے ڈیسک ٹاپ پر یوٹیوب ویڈیو چلتی رہتی ہے۔
ٹِرک استعمال کرنے کا طریقہ
آپ فون میں یوٹیوب ایپ کھول کر اپنی پسند کی ویڈیو کو پلے کریں۔
اس کے بعد ویڈیو کے نیچے موجود آپشنز میں سے شیئر بٹن پر کلک کرکے کاپی لنک کا انتخاب کریں۔
پھر فون میں گوگل کروم اوپن کرکے کاپی لنک کو پیسٹ کر کے اسے اوپن کریں۔
جب ویڈیو اوپن ہو جائے تو براؤزر کے اوپری دائیں کونے پر تھری ڈاٹ مینیو میں جاکر Request Desktop Site آپشن پر کلک کریں۔
ایسا کرنے کے بعد موبائل ویب سائٹ کا یوزر انٹرفیس کمپیوٹر جیسا ہوجائے گا۔
بس پھر پلے بٹن پر کلک کرکے کروم کو minimize کرکے فون کی ہوم اسکرین پر چلے جائیں۔
ایسا کرنے سے ویڈیو رک جائے گی مگر آپ اسے فون کے نوٹیفکیشن مینیو میں جاکر دوبارہ پلے کر سکتے ہیں۔