39

موسم سرما میں فلو سے بچاؤ کے لیے عمرہ زائرین کو اہم ہدایات جاری

سعودی وزارت حج و عمرہ نے فلو سے بچاؤ کے لیے زائرین کو ہدایات کرتے ہوئے کہاہے کہ موسم سرما کا آغاز ہوچکا ہے ایسے میں اپنی صحت کا خیال رکھیں ۔

 وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے جاری کی جانے والی احتیاطی تدابیرکے حوالے سے بتایا ہے کہ موسم سرما میں فلو، کھانسی اور نزلہ و زکام عام ہوجاتا ہے۔

وزارت نے کہا کہ عمرہ زائرین کو چاہئے کہ وہ چند احتیاطی تدابیر پر عمل کریں جن میں سب سے اہم ہاتھوں اور جسم کی صفائی ہے۔

ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے خاص کر رفع حاجت کے بعد ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح دھوئیں اور کھانا کھانے سے قبل بھی لازمی طورپرہاتھوں کو اچھی طرح دھویا جائے۔

جسمانی قوت مدافعت کو برقرار رکھنے کے لیے متوازن غذائیں استعمال کریں، پھل اورسبزیاں کھانے سے قبل انہیں اچھی طرح دھو لیں۔

ایسے افراد جو تنفس کی بیماری کا شکار ہوں ان سے مصافحہ کرنے سے گریز کریں۔

چھینک آنے کے صورت میں منہ پر رومال یا ٹیشو پیپر رکھ لیں اور عمرہ کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ آپ نے فلو سے بچائو کے لیے ویکسین لگوا لی ہے۔

وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ فلو کی صورت میں فوری طور پر مقررہ طبی مراکز سے رجوع کریں جہاں موجود طبی عملہ ضروری ادویات فراہم کرے گا۔