وکی پیڈیا دنیا کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹس میں سے ایک ہے، جو یہ 2001 سے ایک اوپن آن لائن انسائیکلوپیڈیا کے طور پر کام کر رہی ہے۔
ہر سال وکی پیڈیا کے پیجز کو لوگوں کی جانب سے اربوں بار دیکھا جاتا ہے۔
2023 میں وکی پیڈیا سائٹ پر 84 ارب سے زائد بار لوگوں نے وزٹ کیا اور اب آن لائن انسائیکلو پیڈیا کی جانب سے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے مضامین کی فہرست جاری کی گئی ہے۔
اس فہرست سے اندازہ ہوتا ہے کہ 2023 میں لوگوں نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی)، دنیا بھر میں اموات، کرکٹ اور اوپن ہائیمر کے بارے میں جاننے میں زیادہ دلچسپی ظاہر کی۔
اس سال وکی پیڈیا پر سب سے زیادہ پڑھے جانے والے 10 مضامین درج ذیل ہیں۔
10۔ پٹھان (فلم)
بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کی اس فلم کے بارے میں جاننے کے لیے وکی پیڈیا پیج پر ایک کروڑ 99 لاکھ 32 ہزار 509 بار وزٹ کیا گیا۔
9۔ 2023 انڈین پریمیئر لیگ
بھارتی کرکٹ لیگ کے وکی پیڈیا پیج پر 2 کروڑ 6 لاکھ 94 ہزار 974 بار وزٹ کیا گیا۔
8۔ جوان (فلم)
شاہ رخ خان کی رواں سال کی ایک اور فلم بھی لوگوں کا توجہ مرکز بنی رہی اور اس کے وکی پیڈیا پیج پر 2 کروڑ 17 لاکھ 91 ہزار 126 بار وزٹ کیا گیا۔
7۔ جے رابرٹ اوپن ہائیمر
ڈائریکٹر کرسٹوفر نولان کی فلم کے باعث امریکا سے تعلق رکھنے والے سائنسدان کے بارے میں جاننے کے لیے لوگوں نے 2 کروڑ 56 لاکھ 72 ہزار 469 بار وکی پیڈیا پر وزٹ کیا۔
6۔ کرکٹ ورلڈ کپ
کرکٹ ورلڈ کپ کے وکی پیڈیا پیج پر 2 کروڑ 59 لاکھ 61 ہزار 417 بار وزٹ کیا گیا۔
5۔ اوپن ہائیمر (فلم)
اس ہالی وڈ فلم میں لوگوں نے کافی دلچسپی ظاہر کی اور اس کے وکی پیڈیا پیج پر 2 کروڑ 83 لاکھ 48 ہزار 248 بار وزٹ کیا گیا۔
4۔ انڈین پریمیئر لیگ
یہ وکی پیڈیا پیج 2023 انڈین پریمیئر لیگ کے وکی پیڈیا پیج سے الگ ہے جس پر رواں سال کے دوران 3 کروڑ 20 لاکھ 12 ہزار 810 بار وزٹ کیا گیا۔
3۔ 2023 کرکٹ ورلڈ کپ
رواں سال بھارت میں ہونے والے ایونٹ کے وکی پیڈیا پیج پر 3 کروڑ 81 لاکھ 71 ہزار 653 بار وزٹ کیا گیا۔
2۔ ڈیتھس ان 2023
اس پیج میں لوگوں کو دلچسپی کیوں تھی، یہ واضح نہیں، مگر اس کے پیج ویوز 4 کروڑ 26 لاکھ 66 ہزار 860 رہے۔
1۔ چیٹ جی پی ٹی
آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹ کے وکی پیڈیا پیج پر لوگوں نے سب سے زیادہ دلچسپی ظاہر کی اور اس کے پیج ویوز سال بھر میں 4 کروڑ 94 لاکھ 90 ہزار 406 رہے۔