36

صدر آئی پی پی نے عوام کیلئے بڑے پیکیج کا اعلان کردیا

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے حکومت میں آنے کے بعد عوام کیلئے بڑے پیکیج کا اعلان کردیا۔ عبدالعلیم خان کہتے ہیں کہ باریاں لینے والوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے، اس ملک میں اتنے وسائل ہیں جو آنیوالی نسلوں کو بھی روزگار دیں گے، امیر کی بجلی مہنگی اور غریب کی سستی کریں گے، کسانوں کے ٹیوب ویل کی بجلی مفت کریں گے، موٹر سائیکل والوں کیلئے پیٹرول کی قیمت آدھی ہوگی، مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ 50 ہزار روپے ہوگی، نوجوانوں کو بلاسود قرضے ملیں گے، روزگار کیلئے نئی انڈسٹریاں لگانا اور برآمدات بڑھانا پڑیں گی۔

آئی پی پی کے کامونکی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے لوگوں سے سوال کیا کہ پنجابی میں تقریر کروں یا اردو میں جس پر لوگوں نے جواب دیا کہ آدھی پنجابی اور آدھی اردو میں۔

 

انہوں نے کہا کہ شہر میں بے شمار گندگی ہے، شہریوں کو پینے کیلئے صاف پانی دستیاب نہیں، یہاں کوئی اچھا اسپتال نہیں، انہوں نے وعدہ کیا کہ ہماری حکومت آئی تو کامونکی کو ماڈل شہر بنائیں گے، ہماری حکومت آئی تو کارڈیالوجی کا بھی اسپتال بنائیں گے۔