86

جسم میں وٹامن سی کی کمی کا اشارہ دینے والی 9 نشانیاں

وٹامن سی ایسا اہم وٹامن ہے جس کو غذا کے ذریعے جسم کا حصہ بنانا ضروری ہوتا ہے۔

ہمارے جسم کو وٹامن سی کی ضرورت مختلف کاموں کے لیے ہوتی ہے۔

مثال کے طور پر یہ وٹامن مدافعتی نظام کے لیے بہت اہم ہوتا ہے جبکہ دماغ کے لیے بھی یہ بہت اہم ہوتا ہے۔

ہمارا جسم قدرتی طور پر اسے بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور اسی لیے غذا کا انتخاب بہت اہم ہوتا ہے۔

متعدد پھلوں اور سبزیوں بشمول مالٹے، اسٹرا بیری، شملہ مرچ، پالک اور ساگ وغیرہ میں وٹامن سی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ایک بالغ خاتون کو روزانہ 75 ملی گرام جبکہ مردوں کو 90 ملی گرام وٹامن سی کی ضرورت ہوتی ہے۔

تمباکو نوشی، الکحل اور ناقص غذائی انتخاب کے نتیجے میں جسم میں وٹامن سی کی کمی ہوتی ہے۔

مگر جب جسم میں وٹامن سی کی کمی ہوتی ہے تو اس کا علم کیسے ہوتا ہے؟

درحقیقت متعدد علامات سے عندیہ ملتا ہے کہ جسم کو زیادہ وٹامن سی کی ضرورت ہے۔

زخم جلد نہیں بھرتے

جب چوٹ یا خراش لگتی ہے تو وٹامن سی اسے بھرنے کے لیے کردار ادا کرتا ہے۔

زخم کو ٹھیک کرنے کے لیے ہمارے جسم کو کولیگن نامی ایک پروٹین کی ضرورت ہوتی ہے جو جِلد کی مرمت کے لیے اہم ہوتا ہے اور وٹامن سی اسے بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ وٹامن سی خون کے سفید خلیات کے افعال کو بھی بہتر کرتا ہے جس سے انفیکشن سے لڑنے میں مدد ملتی ہے۔

مسوڑوں یا ناک سے خون بہنا

وٹامن سی خون کی شریانوں کو صحت مند رکھتا ہے اور بلڈ کلاٹ کو یقینی بناتا ہے۔

کولیگن صحت مند دانتوں اور مسوڑوں کے لیے بھی بہت اہم ہوتا ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ مسوڑوں کے امراض کے شکار جب وٹامن سی سے بھرپور غذا استعمال کرتے ہیں تو خون کم بہتا ہے۔

جسمانی وزن بڑھتا ہے

تحقیقی رپورٹس میں جسم میں وٹامن سی کی کمی اور جسمانی چربی بالخصوص توند کی چربی میں اضافے کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا ہے۔

وٹامن سی ممکنہ طور پر ہمارے جسم کو توانائی کے حصول کے لیے چربی گھلانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

خشک جِلد

وٹامن سی سے بھرپور غذا کا استعمال جِلد کو ہموار اور نرم رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

وٹامن سی ہمارے جسم میں اینٹی آکسائیڈنٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور اس سے جِلد کے خلیات کو نقصان دہ مالیکیولز سے تحفظ ملتا ہے۔

تھکاوٹ اور چڑچڑا پن

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جسم میں وٹامن سی کی کمی کے شکار افراد کو تھکاوٹ اور چڑچڑے پن کا سامنا ہوتا ہے۔

ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ وٹامن سی کا زیادہ استعمال کرنے سے لوگوں میں تھکاوٹ کا احساس کم ہوتا ہے۔

مدافعتی نظام کمزور ہو جاتا ہے

وٹامن سی مدافعتی نظام کے لیے بہت اہم ہوتا ہے اور جسم میں اس کی کمی کے باعث لوگ اکثر بیمار رہنے لگتے ہیں، خاص طور پر موسمی نزلہ زکام کا سامنا اکثر ہوتا ہے جبکہ صحتیابی میں بھی زیادہ وقت لگتا ہے۔

ایسے بھی شواہد موجود ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ وٹامن سی سے مختلف امراض جیسے نمونیا اور مثانے کے انفیکشن سے تحفظ ملتا ہے۔

بینائی کمزور ہونے لگتی ہے

عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی کمزور ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اگر جسم میں وٹامن سی کی کمی ہو تو بینائی کے مختلف مسائل کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔

بال خشک ہونا

اگر بال اچانک خشک ہو جائیں تو یہ وٹامن سی کی کمی کی جانب اشارہ ہو سکتا ہے۔

کولیگن بالوں کی صحت اور مضبوطی کے لیے اہم ہوتا ہے اور جسم میں اس کے بننے کے لیے وٹامن سی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جوڑوں میں درد رہنا

گٹھیا جوڑوں کے امراض کی ایک قسم ہے جو بہت تکلیف دہ ہوتی ہے۔

اس عارضے کے دوران جوڑوں میں ورم بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر پیروں کے انگوٹھے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

اس مسئلے کا سامنا اس وقت ہوتا ہے جب خون میں یورک ایسڈ کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔

مختلف تحقیقی رپورٹس میں دریافت ہوا کہ وٹامن سی سے خون میں یورک ایسڈ کی سطح کم کرنے میں مدد ملتی ہے اور جوڑوں کی تکلیف سے تحفظ ملتا ہے۔