46

شادی میں رس گلے کم پڑنے پر جھگڑا، 6 افراد زخمی

بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک شادی کی تقریب میں رس گلے کم پڑگئے جس کے بعد معمولی لفظی تکرار ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی اور جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ 6 افراد اسپتال پہنچ گئے۔

ایک عجیب و غریب واقعہ ریاست اتر پردیش کے علاقے شمس آباد میں پیش آیا جہاں کھانا کھلتے ہی مہمانوں نے کھانے کی میز پر ہلہ بول دیا۔

پولیس کے مطابق شادی میں کسی نے رس گلےکے کم پڑ جانے کا کہا جس کے بعد رس گلوں کو حاصل کرنے میں 6 افراد کے درمیان جھگڑا ہوا جو اس قدر بڑھ گیا کہ جھگڑا کرنے والے افراد زخمی ہوگئے اور انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

پولیس کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے زخمی افراد کو طبی امداد دیتے ہوئے ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے جب کہ زخمی افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ایسا ہی واقعہ گزشتہ سال بھی پیش آیا تھا اور شادی میں مٹھائی کے کم پڑجانے پر چند افراد کے درمیان لڑائی ہوئی تھی  جس میں کئی افراد زخمی اور ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔