241

جسمانی صحت سے آگاہ کرنے والی انوکھی مصنوعی جلد تیار

ٹوکیو: جاپانی یونیورسٹی کے ماہرین نے الیکٹرونک جلد تیار کی ہے جو کسی شخص کی جسمانی صحت کی تفصیلات کو اسی کی جلد پر ظاہر کرسکتی ہے جبکہ دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر جیسی دیگر تفصیلات بھی اس کے ذریعے دیکھی جاسکتی ہیں۔

اس جلد کی تیاری میں باریک نینو جھلی، لچک دار الیکٹروڈ اور بہت چھوٹی چھوٹی ایل ای ڈیز استعمال کی جاسکتی ہیں جو روشن ہوکر جسم کے اوپر ہی اس کی کیفیت ظاہر کرتی ہیں۔ علاوہ ازیں ساری معلومات کو اسمارٹ فون یا کسی کلاؤڈ پر بھی بھیجا جاسکتا ہے۔ اگرچہ اس سے قبل کئی جسمانی ڈسپلے بنائے گئے ہیں لیکن وہ جلد کی حرکت اور مڑنے سے ٹوٹ کر ناکارہ ہوجایا کرتے تھے۔

ٹوکیو میں گریجویٹ اسکول آف انجینئرنگ کے پروفیسر ٹیکاؤ سومیا اور ان کے ساتھیوں نے یہ پیوند بنایا ہے جسے وہ مریض کی دوسری جلد قرار دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ پہننے میں بہت آرام دہ اور ہلکا پھلکا ہے جس سے نرس اور اہلِ خانہ کی جانب سے مریض کی بار بار مزاج پرسی کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔

اسے اسپتالوں اور نرسنگ ہومز کے مریضوں کو پہنا کر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان کی مدد کرکے جان بچائی جاسکے گی۔  دوسری جانب ہلکے ہونے کی وجہ سے کمزور اور بوڑھے مریض بھی اسے آسانی سے پہن سکتے ہیں۔ ڈاکٹر ٹیکاؤ کا پیوند مریض کی ای سی جی بھی نوٹ کرکے اسے  ظاہر کرتا ہے جو مریض کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

خاص مٹیریل کی بنا پر یہ پیوند اپنی جسامات سے 45 فیصد زیادہ پھیل سکتا ہے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوتا۔ ڈاکٹر ٹیکاؤ سومیا نے ایک کانفرنس میں اسے پیش کیا جہاں ان کے ہاتھ پر ان کے دل کی کیفیت سرخ ایل ای ڈی میں ظاہر ہورہی تھیں۔ 2021ء تک اسے بازار میں فروخت کےلیے پیش کیے جانے کا امکان ہے جس کےلیے اس کی لاگت کم کرنے کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔