کراچی: میوزک انڈسٹری کے نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے بھی اسرائیلی جارحیت کا شکار ہونے والے معصوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے سالگرہ نہ منانے کا اعلان کردیا۔
عاصم اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ “اس وقت فلسطین میں ہمارے بہن، بھائیوں کے ساتھ جو ظلم و ستم ہورہا ہے، وہ دیکھتے ہوئے میں نے رواں برس اپنی سالگرہ نہ منانے کا اعلان کیا ہے”ْ۔
گلوکار نے کہا کہ “اس سالگرہ کے موقع پر میں چاہتا ہوں کہ ہم سب فلسطین میں ہونے والے قتل عام کا پیغام دنیا تک پہنچائیں اور ان کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں وہ کرنے کی کوشش کریں”۔
اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “فلسطین کے حق میں آواز اُٹھانے کے لیے اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کریں، چاہے وہ سوشل میڈیا ہو”۔
عاصم اظہر نے کہا کہ “ہم جیسے فنکاروں کے لیے، ہمارا اسٹیج ہی سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے ہم فلسطین کا پیغام زیادہ سے زیادہ سامعین تک پہنچا سکتے ہیں”
گلوکار نے فلسطین کی آزادی کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ “دریا سے سمندر تک فلسطین آزاد ہو گا”۔
آخر میں عاصم اظہر نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “سالگرہ کی تمام نیک خواہشات اور دعاؤں کا شکریہ، دوستو مجھے تم سے پیار ہے”۔
اس سے قبل معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے بھی فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے رواں سال اپنی سالگرہ نہ منانے کا اعلان کیا تھا جبکہ گلوکار و اداکار اذان سمیع خان نے اپنے میوزک البم کی ریلیز کو آگے بڑھا دیا تھا۔
یاد رہے کہ عاصم اظہر ہر سال 29 اکتوبر کو اپنی سالگرہ مناتے ہیں، وہ 29 اکتوبر 1996 کو پیدا ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں القدس اسپتال کو خالی کرنے کی دھمکی دینے کے چند گھنٹوں بعد ہی اس کے آس پاس کے علاقے پر بمباری کرکے کئی عمارتوں کو کھنڈر بنادیا جبکہ ایک مسافر بس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی بمباری میں القدس اسپتال کا ایک حصہ گرگیا جبکہ آس پاس کی کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں، گزشتہ 23 روز کے دوران اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 5 ہوگئی جب کہ 20 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔