40

ماورا حسین بھی فلسطین کی حمایت میں میدان میں آگئی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین بھی فلسطین کی حمایت میں میدان میں آگئی ہیں۔

غزہ پر ہفتے سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے شہید  فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار 215 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 8 ہزار 714 فسلطینی زخمی ہوئے۔

ایسے میں یمنیٰ زیدی، اُشنا شاہ، صبا قمر، ہانیہ عامر، عثمان خالد بٹ سمیت دیگر شوبز ستاروں نے فلسطینی عوام کے حق میں اپنی اواز اُٹھائی۔

 

ماورا حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ‘معصوم بچے مررہے ہیں جبکہ عالمی رہنما سو رہے ہیں’۔

 

اداکارہ نے کہا کہ ‘یہ انسانی جانوں کے بارے میں ہے، فلسطین میں تمام مذاہب کے لوگوں کو تشدد سے مارا جا رہا ہے’۔

انہوں نے خاموش دُنیا سے سوال کیا کہ ‘دنیا اس پر اتنی خاموش یا غیر جانبدار کیوں ہے؟’

ماورا حسین نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ‘غزہ کی نسل کشی کے لیے اپنی آواز بلند کریں’۔

واضح رہے کہ فلسطینی حریت پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر تاریخی اور حیران کن حملے کے بعد اسرائیلی افواج کی مشتعل ہوکر ہفتے سے غزہ پر بمباری جاری ہے، اسرائیلی افواج بلاامتیاز رہائشی عمارتوں، خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنارہی ہیں جس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔

دوسری جانب  اسرائیل کے الٹی میٹم کے چند گھنٹوں بعد صہیونی فوج کے ٹینک فلسطینی آبادی کو بے دخل کرنے کے لیے غزہ میں داخل ہوگئے ہیں۔