بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کا اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دہائیوں سے جاری خونی تنازعے میں فلسطین کی حمایت میں جاری بیان جنگل میں لگی آگ کی طرح پھیل گیا۔
جہاں اس خونی تنازعے پر دنیا بھر سے معروف شخصیات اپنی رائے کا اظہار کرتی نظر آرہی ہیں لیکن زیادہ تر بھارتی اور مغربی فنکار اسرائیل کی حمایت کرنے میں مصروف ہیں۔
اب سوشل میڈیا پر بالی وڈ کے ’کنگ خان‘ کا ایک بیان چرچوں میں آگیا ہے جس میں انہوں نے اس خونی تنازعے میں فلسطین کی عوام کیلئے دعا کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر وائرل ہونے والے اس پوسٹ میں شاہ رخ خان نے لکھا کہ ’ چھوٹے بچوں کو مارنا اور ان کے ہاتھوں مارے جانے سے کسی بھی مظلوم اور مظلوم کے ہاتھوں بننے والے مظلوم کیلئے کوئی حل نہیں نکلنے والا ہے، فلسطین میں امن کیلئے دعاگو ہوں۔‘
شاہ رخ خان کا یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو تے ہی ان کا فلسطینی عوام کیلئے نعرہ حق بلند کرنا بھی خوب سراہا جانے لگا لیکن بعد ازاں غور کرنے پر ایک حقیقت پر سے پردہ ہٹ گیا۔
دراصل سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ پوسٹ شاہ رخ خان کا ہی ہے لیکن یہ ابھی نہیں بلکہ سال 2014 میں کیا گیا تھا اور اس وقت شاہ رخ خان نے فلسطین اور اسرائیل کے تنازعے میں فلسطین کی عوام کیلئے دعا کی تھی۔