پاکستان کی خاتون خلا باز نمیرہ سلیم نےخلا میں پہنچ کر تاریخ رقم کردی، نمیرہ سلیم کی خلا میں پہنچنےکی ویڈیو بھی آگئی۔
نمیرہ سلیم خلا میں روانگی کیلئے نیو مکسیکو سے روانہ ہوئیں، جہاں سے انہیں پاکستانی قونصل جنرل آفتاب چوہدری اور دیگر رشتہ داروں نے رخصت کیا۔
وہ پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، نمیرہ سلیم 21 اپریل2007 کو قطب شمالی اور 10جنوری 2008 کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔
نمیرہ سلیم نےخلا پر روانگی سےقبل نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے ملاقات بھی کی تھی۔ انہوں نے نگراں وزیر اطلاعات کو اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے 2006ء میں نمیرہ کو باضابطہ طور پر ملک کی پہلی خلا باز کے طور پر تسلیم کیا تھا، نمیرہ سلیم نے 2007ء میں پاکستان کے لیے سیاحت کی اعزازی سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دی تھیں۔
نمیرہ سلیم کے پاس اپریل 2007ء میں قطب شمالی تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا بھی اعزاز موجود ہے۔
اُنہوں نے اپریل 2007ء میں قطب شمالی اور جنوری 2008ء میں قطب جنوب کے مقام پر بھی پاکستان کا جھنڈا بلند کیا تھا۔
یہی نہیں، نمیرہ کو 2008ء میں ماؤنٹ ایورسٹ پر اسکائی ڈائیو کرنے والی پہلی ایشیائی اور پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، اِنہیں 2011ء میں تمغۂ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔