سب سے پہلے ایکس (ٹوئٹر) میں ماہانہ فیس پر مبنی سبسکرپشن پروگرام متعارف کرایا گیا اور پھر میٹا کی جانب سے فیس بک اور انسٹا گرام کے لیے بھی اسی طرح کا پروگرام پیش کیا گیا۔
اب ٹک ٹاک کی جانب سے بھی سبسکرپشن پروگرام متعارف کرائے جانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
مگر اس پروگرام کے تحت اکاؤنٹ ویریفائیڈ یا نئے فیچرز تک خصوصی رسائی حاصل نہیں ہوگی بلکہ یہ اشتہارات سے پاک ویڈیوز دکھانے کے لیے ہوگا۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی جانب سے سب سے پہلے بتایا گیا تھا کہ ٹک ٹاک کی جانب سے اشتہارات سے پاک سبسکرپشن پلان کی آزمائش شروع کی جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے اس سبسکرپشن پلان کے تحت ماہانہ 4.99 ڈالرز لیے جائیں گے۔
بعد ازاں کمپنی کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی کہ ایک ملک میں اس پروگرام کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
تاہم کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ ضروری نہیں کہ اس پروگرام کو دیگر ممالک میں متعارف کرایا جائے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سبسکرپشن پلان کے تحت ٹک ٹاک پر تھرڈ پارٹی اشتہارات کو نہیں دکھایا جائے گا، البتہ کریٹیرز کی مارکیٹنگ مہم پر اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاک کو سب سے زیادہ آمدنی اشتہارات سے ہوتی ہے۔
اس لیے یہ واضح نہیں کہ ٹک ٹاک کو اس نئے سبسکرپشن پروگرام سے زیادہ آمدنی ہوسکے گی یا نہیں۔
اسی طرح صارفین اس پروگرام کا حصہ بننا پسند کریں گے یا نہیں، یہ بھی واضح نہیں۔