62

چیٹ جی پی ٹی پر تازہ ترین معلومات تک رسائی حاصل كرنا ممكن

چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی نے تصدیق کی ہے کہ اب چیٹ بوٹ کے ذریعے انٹرنیٹ پر موجود تازہ ترین معلومات تک رسائی حاصل کی جا سکے گی۔چیٹ جی پی ٹی 30 نومبر 2022 میں متعارف كروایا گیا تھا، مصنوعی ذہانت كے تحت چلنے والا یہ سسٹم ابتدائی طور پر 2021 سے پہلے والی معلومات ركھتا تھا۔

جس كا مطلب ہے كہ چیٹ جی پی ٹی آپ كو 2021 تک كی معلومات كا جواب دے سكتا تھا، تاہم اب اوپن اے آئی نے اعلان كیا ہے كہ صارفین چیٹ بوٹ سے حالات حاضرہ سے متعلق سوالات پوچھ سكتے ہیں، لیكن فی الحال یہ سہولت صرف پریمیم صارفین كیلئے ہی دستیاب ہوگی۔

البتہ اوپن اے آئی كے مطابق یہ سہولت جلد عام صارفین تک بھی پہنچا دی جائے گی۔اوپن اے آئی نے سماجی پلیٹ فارم ایكس پر اعلان كیا كہ نئی اپڈیٹ كے تحت صارفین اب چیٹ جی پی ٹی كو تازہ ترین معلومات اور خبروں کے ذریعے کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔ٹوئٹ میں مزید كہا گیا كہ صارفین اب اپنی تحقیق كیلئے بھی چیٹ پی ٹی كے ذریعے تازہ ترین معلومات حاصل كرسكتے ہیں۔

رپورٹ كے مطابق تازہ ترین معلومات تک رسائی سے متعلق صارفین كو پرائیویسی خدشات كا بھی سامنا ہوسكتا ہے، چیٹ جی پی ٹی نقصان دہ اور غلط معلومات اور کاپی رائٹ شدہ مواد بھی شیئر كرسكتا ہے۔