49

روس کا دفاعی اخراجات میں 70 فیصد اضافے کا عندیہ

روس نے آئندہ سال اپنے دفاعی بجٹ میں تقریباً 70 فیصد اضافے کا عندیہ دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے کہا ہے کہ وہ اگلے سال دفاعی اخراجات میں تقریباً 70 فیصد اضافہ اور یوکرین کے خلاف لڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر وسائل خرچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

جمعرات کو شائع ہونے والی وزارت خزانہ کی ایک دستاویز کے مطابق دفاعی اخراجات سال بہ سال 68 فیصد سے زیادہ بڑھ کر تقریباً 10.8 ٹریلین روبل تک پہنچ جائیں گے جو سماجی پالیسی کے لیے مختص کیے گئے بجٹ سے زیادہ ہیں۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ اس طرح کا اضافہ ضروری ہے، بالکل ضروری ہے، کیونکہ ہم ہائبرڈ جنگ کی حالت میں ہیں اور خصوصی فوجی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پچھلے سال جنگ شروع ہونے کے بعد سے روس نے مسلسل بلند افراط زر اور کمزور روبل کے باوجود ہتھیاروں کی تیاری میں تیزی لائی ہے اور اپنی ملٹری مشین میں بڑے پیمانے پر فنڈز جمع کیے ہیں۔

خیال رہے کہ روس کے مرکزی بینک نے خبردار کر رکھا ہے کہ 2023 کی دوسری ششماہی میں اقتصادی ترقی کی رفتار کم ہونے والی ہے۔