47

صارفین کو آئی فون 15 میں چارجنگ کے دوران مسائل کا سامنا

کیلیفورنیا: حال ہی میں لانچ کیے جانے والے آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میکس مالکان نے اپنی ڈیوائس کے گرم ہوجانے کے متعلق شکایات کے انبار لگا دیے ہیں۔

صارفین کے مطابق ایپل کے فلیگ شپ فون کا درجہ حرارت فاسٹ چارجنگ کے دوران مبینہ طور پر 47 ڈگری سیلسیئس تک بڑھ جاتا ہے اور فون بغیر کیس کے چھونے سے کافی گرم محسوس ہوتا ہے۔

9ٹو5 میک کے رپورٹر آئن زیلبو نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ ان کا آئی فون 15 پرو میکس فاسٹ چارجنگ کرتے وقت کافی گرم محسوس ہوا۔

ایپل نے پہلی بار فاسٹ چارجنگ 2017 میں آئی فون 8 میں متعارف کرایا تھا، جس کو استعمال کرتے ہوئے صارفین تقریباً 30 منٹ میں 50 فی صد تک بیٹری چارج کر سکتے ہیں۔

 

یورپی یونین کے نئے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ایپل نے آئی فون 15 میں اپنی مخصوص چارجنگ کیبل کو یوایس بی- سی چارجر سے بدل دیا ہے۔

آئن زیلبو نے بتایا کہ فاسٹ چارجنگ میں بیٹری کے 25 سے 60 فی صد کے درمیان مسئلے کی کیفیت بدتر تھی۔ بیٹری کے 70 فی صد چارج ہونے کے بعد درجہ حرارت میں واضح کمی آجاتی ہے (پھر بھی اس کو ہاتھوں میں تھامنا آرام دہ نہیں تھا)۔