ٹک ٹاکر حریم شاہ کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ اپنی کمائی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ وہ پیسے کمانے کے لیے وہ کام کر تی ہیں جو کوئی اور نہیں کر سکتا۔
یوٹیوبر اور پوڈکاسٹر نادر علی کی جانب سے حریم شاہ کی ایک مختصر ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی، جس میں وہ ٹک ٹاکر سے کمائی سے متعلق سوال پوچھتے دکھائی دیے۔
مذکورہ شارٹ کلپ حریم شاہ کے 10 ماہ قبل دیے گئے انٹرویو کی ہے جو انہوں نے نادر علی کو دیا تھا، جس میں انہوں نے اپنی کمائی سمیت شادی اور دیگر معاملات پر بھی بات کی تھی۔
مذکورہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی شوہر بلاول شاہ سے صوبہ سندھ کےدارالحکومت کراچی کی ایک پارٹی میں پہلی ملاقات ہوئی تھی، جہاں سے ان کی دوستی ہوئی اور پھر دونوں نے شادی کرلی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ بلاول شاہ نے انہیں شادی کی پیش کش کی تھی، جس پر انہوں نے انہیں کہا تھا کہ ان کا رشتہ مانگنے کے لیے ان کے والدین سے رابطہ کریں اور پھر والدین کی مرضی سے ہی ان کی شادی سر انجام پائی۔
حریم شاہ نے بتایا تھا کہ ان کی شادی کے وقت جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں اور بچوں کی ماں ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان سے متعلق متعدد جھوٹی خبریں نشر کی جاتی ہیں، ایک بار ان کی ترکی میں گرفتاری کی جھوٹی خبر بھی چلائی گئی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے آڈیو یا ویڈیو لیک سے پیسے نہیں کمائے، انہوں نے ایسی لیکس سے کسی کو آج تک بلیک میل نہیں کیا، وہ صرف عوامی شخصیات کی آڈیو یا ویڈیو لیک کرکے عوام کے سامنے ان کا سچ لانے کا کام کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ کسی عام شخص کی آڈیو یا ویڈیو لیک نہیں کرتیں بلکہ ان کی ہی لیک کرتی ہیں جو عوام کے سامنے شریف بنتے ہیں اور حقیقت میں ان کا روپ دوسرا ہوتا ہے۔
حریم شاہ نے بتایا تھا کہ اگر وہ ویڈیو اور آڈیو لیک سے پیسے کمانا چاہتیں تو وہ بہت کچھ کر سکتی تھیں لیکن انہوں نے کبھی ایسا سوچا ہی نہیں۔
اپنی کمائی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ان کی کمائی کے بہت سارے ذریعے ہیں، ان کے پاس ہر طرف سے پیسا آتا ہے۔
حریم شاہ نے کہا کہ ان کے پاس اتنا پیسا ہے کہ انہیں متعدد بار فیڈرل بورڈ آف روینیو (ایف بی آر) نے نوٹسز بھیجے ہیں اور یہ سب وفاقی تحیققاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کرنے کے بعد ہوا۔
ٹک ٹاکر نے بتایا تھا کہ انہیں شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن لائیکی اور اسنیک ویڈیو ماہانہ بنیاد پر 7 لاکھ روپے دیتے رہے جب کہ فیس بک اور انسٹاگرام سمیت ٹک ٹاکر پر پروموشن سے ہونے والی کمائی کو وہ اپنی کمائی کا ذریعہ سمجھتی ہی نہیں۔
ان کے پاس مطابق انہوں نے کبھی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آنے والے پیسوں کو اپنی آمدنی تصور نہیں کیا، وہاں سے آنے والے پیسے ہلکے پھلکے اخراجات کے لیے ہوتے ہیں۔
حریم شاہ نے بتایا تھا کہ وہ پاکستان سے باہر جہاں بھی جاتی ہیں، ان کے ٹکٹ مفت میں ہوتے ہیں، ان کی رہائش میں ہوتی ہے اور انہیں بیرون ممالک ایونٹس میں شرکت کے لیے پیسے بھی ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں ان کا اپنا گھر، اپنی گاڑی اور اپنی کمائی ہے، تاہم انہوں نے واضح طور پر نہیں بتایا کہ ان کی آمدنی کا مرکزی ذریعہ کیا ہے؟
حریم شاہ نے میزبان کے سوال پر انہیں بتایا کہ وہ پیسے کمانے کے لیے ایسے کام کرتی ہیں جو کوئی اور نہیں کر سکتا اور وہ بہت کچھ کرتی ہیں لیکن انہوں نے واضح نہیں کیا تھا کہ وہ کیا کرتی ہیں؟