سعودیہ عرب کے مختلف علاقوں میں جمعرات تک بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے، شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے موسمیات کے قومی مرکز کے حوالے سے بتایا ہے کہ 24 ستمبر سے جمعرات تک مملکت کے بیشرعلاقوں میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، مکہ مکرمہ ریجن درمیانے درجے اور موسلا دھار بارش سے متاثر ہوگا جس سے سیلابی صورتحال بن سکتی ہے۔
طائف، میسان، العرضیات کے علاوہ عسیر، جازان اور باحہ ریجنز میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔
شہری دفاع کی جانب سے الرٹ جاری کرتے ہوئے مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ وادیوں، سیلاب والے مقامات سے دور رہیں، خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں۔
محکمہ شہری دفاع کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سوشل میڈیا کے ذریعے فراہم کی جانے والی ہدایات پر عمل کیا جائے،علاوہ ازیں موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ کے وسط سے درجہ حرارت میں بتدریج کمی کا امکان ہے۔