43

بھارتی سیاستدان کی لائیو شو میں کینیڈا کو نیوکلیئر حملے کی دھمکی

کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسند رہنماء کے قتل کے بعد سے بھارت اور کینیڈا کے درمیان تناؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ایسے میں ایک ہندوستانی سیاستدان نے مقامی ٹی وی چینل پر لائیو شو کے دوران کینیڈا کو جوہری حملے کی دھمکی دیدی۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پیر کو کہا تھا کہ ان کے پاس سکھ علیحدگی پسند رہنماء ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں بھارتی ایجنٹوں کے تعلق کے قابل قبول شواہد موجود ہیں، نئی دہلی نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس بیان کو مسترد کردیا تھا۔

بھارت حکومت نے کینیڈا کے ہائی کمشنر کو 19 ستمبر کو طلب کرکے شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ایک سینئر کینیڈین سفارتکار کو ملک بدر کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا، سفارتکار کو بھارت چھوڑنے کیلئے 5 دن کی مہلت دی گئی تھی۔

امریکا نے بھی جمعہ کو اپنے بیانمیں بھارت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ سکھ رہنماء کے قتل کی تحقیقات میں کینیڈا سے تعاون کرے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جمعہ کو پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ وزیراعظم ٹروڈو کی طرف سے لگائے گئے الزامات پر گہری تشویش ہے، یہ ضروری ہے کہ ہندوستان کینیڈا کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کرے، ہم ذمہ داروں کو جوابدہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ ہوتے تعلقات کے نتیجے میں ایک سیاستدان نے ہندوستانی ٹی وی چینل پر لائیو ٹاک شو کے دوران کینیڈا کو جوہری حملے کی دھمکی دی۔

ایک (ٹوئٹر) پر جاری ایک ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی گردش کررہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بھارتی سیاستدان کینیڈا کو دھمکی دیتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ اس مسئلے کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے، اسے درمیان میں نہیں چھوڑنا چائے۔

بھارتی سیاستدان نے مزید کہا کہ مسٹر ٹروڈو تم کیا ہو؟، آج ہماری 10 آبدوزیں ہندوستان سے جائیں گی اور آپ کو کینیڈا میں نیوک (ایٹمی حملے کا نشانہ) بنادیں گی، تمہاری حیثیت کیا ہے؟۔

واضح رہے کہ بھارت اپنے پڑوسی ممالک کو بھی ایسی ہی دھمکیاں دیتا رہتا ہے، جس کی وجہ سے خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہوجاتی ہے۔