38

’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ کی شوٹنگ کراتے وقت پیروں میں کِیل گھُس گئے تھے، روینہ ٹنڈن

ماضی کی مقبول اور معروف ڈانسر گرل بولی وڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے انکشاف کیا ہے کہ ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ گانے کی شوٹنگ کراتے وقت نہ صرف ان کے گھٹنے چھیل چکے تھے بلکہ ان کے پیروں میں کیل بھی گھس گئے تھے۔

ماضی کا مقبول گانا ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ 1994 میں ریلیز ہونے والی ایکشن ڈراما فلم ’مہرہ‘ میں شامل تھا، جس میں روینہ ٹنڈن نے اکشے کمار کے ساتھ شاندار پرفارمنس کی تھی۔

گانے کو بارش میں انتہائی بولڈ انداز میں فلمایا گیا تھا اور اداکارہ کی نسوانی خوبصورتی دکھانے کے لیے انہیں بارش کے پانی میں رینگتے ہوئے بھی دکھایا گیا تھا۔

’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ میں اڈت نارائن اور ایلکا یاگنک نے آواز کا جادو جگایا تھا اور یہ آج بھی مقبول گیتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ کو 2021 کی اکشے کمار کی فلم ’سوریا ونشی‘ میں بھی ریمیک کرکے شامل کیا گیا تھا اور نئے گانے میں ان کے ساتھ کترینہ کیف نے پرفارمنس کی تھی لیکن شائقین کو نیا گانا پسند نہیں آیا تھا۔

اب گانے کی ریلیز کے 21 سال بعد روینہ ٹنڈن نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ گانے کی شوٹنگ کے وقت وہ بیمار بھی پڑگئی تھیں۔

روینہ ٹنڈن نے ڈانس میوزیکل شو ’انڈیاز بیسٹ ڈانس سیزن 3‘ کی تازہ قسط میں شرکت کی، جہاں ان کے مقبول گانوں پر ڈانسرز نے پرفارمنس کی۔

مذکورہ قسط میں روینہ ٹنڈن کے گانے ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ پر بھی دو ڈانسرز نے روبوٹک انداز میں رقص کیا، جسے اداکارہ نے سراہا۔

ساتھ ہی پروگرام میں انہوں نے مذکورہ گانے سے وابستہ یادوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر لوگوں کو ان کے گانے میں صرف گلیمر اور ان کا بولڈ انداز نظر آیا، کسی کو یہ علم نہیں کہ ٹیم نے مذکورہ گانے کو بنانے میں کتنی مشکلات کا سامنا کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ گانے کو نئی تعمیر ہونے والی عمارت کے قریب شوٹ کیا گیا، جہاں زمین پر کیل، پتھر اور دوسری نوکدار چیزیں زمین پر پڑی ہوئی تھی اور فرش بھی اکھڑا ہوا تھا۔

روینہ ٹنڈن کے مطابق گانے کے دوران مصنوعی بارش بھی کی گئی اور پرفارمنس کے دوران ان کے گھٹنوں کی کھال اتر گئی۔

ساتھ ہی اداکارہ نے بتایا کہ چوں کہ وہ ننگے پاؤں پرفارمنس کر رہی تھیں اور متعدد بار انہوں نے پیچھے کی جانب ڈانس کیا، جس وجہ سے دوران شوٹنگ ان کے پیروں میں متعدد کِیل گھس گئے۔

روینہ ٹنڈن کے مطابق مسلسل بارش میں گانے کو شوٹ کرنے کی وجہ سے وہ بیمار بھی پڑگئیں اور انہیں بیکٹیریا انفیکشن ہوگیا اور انہیں متعدد انجکشن لگوانے پڑے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ گانے کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد انہیں 102 تک بخار ہوگیا جو کچھ دن تک چلا۔