35

واٹس ایپ میں ایک بڑی تبدیلی آنے کو قریب

واٹس ایپ کی جانب سے حالیہ مہینوں میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔

اب میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کے ڈیزائن کو بھی مکمل طور پر تبدیل کیا جا رہا ہے۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں میسجنگ ایپ کا نیا ڈیزائن جاری کیا گیا ہے۔

واٹس ایپ کے نئے یوزر انٹرفیس میں ٹاپ بار کو مکمل سفید کیا جا رہا ہے یعنی سبز رنگ غائب ہونے والا ہے۔

البتہ چیٹ اور دیگر لوگو (logo) کا رنگ سبز ہو جائے گا۔

اس یوزر انٹرفیس میں واٹس ایپ لوگو کے لیے نیا فونٹ بھی استعمال کیا گیا ہے۔

نیا ڈیزائن اس طرح کا ہوگا / فوٹو بشکریہ WABetaInfo
 

 

اس ڈیزائن میں بھی نیوی گیشن بار کو نیچے ہی رکھا گیا ہے جو چیٹس، اسٹیٹس، کمیونیٹیز اور کالز ٹیبز پر مشتمل ہے۔

اس نئے ڈیزائن میں چیٹ فلٹرز کا بھی اضافہ کیا جا رہا ہے اور آپ آل، unread، پرسنل یا بزنس میسجز جیسے فلٹرز کو استعمال کر سکیں گے۔

واٹس ایپ کے اس نئے ڈیزائن پر ابھی کام جاری ہے اور یہ بیٹا ورژن میں محدود صارفین کو دستیاب ہے۔

اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ کب تک واٹس ایپ کے تمام صارفین کے لیے اس نئے ڈیزائن کو متعارف کرایا جائے گا۔