121

سنی دیول نے میرے 77 لاکھ دینے ہیں، 27 سال سے بھاگ رہا ہے، فلمساز سنیل درشن

سنی دیول اپنی فلم 'غدر 2' کی کامیابی پر ہر طرف سے داد و تحسین وصول کر رہے ہیں لیکن اسی دوران فلمساز سنیل درشن نے ان کے خلاف ایک انکشاف کردیا ہے۔

سنیل درشن کا کہنا ہے کہ سنی دیول پر ان کے 77 لاکھ 25 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سنیل نے کہا کہ 1996 میں فلم 'اجے' کے ساتھ ہماری تلخی شروع ہوئی، سنی نے مجھ سے فلم ڈسٹری بیوشن حقوق مانگے کیونکہ وہ اپنی بین الاقوامی ڈسٹری بیوشن کمپنی شروع کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔


سنی دیول پر 55 کروڑ واجب الادا، نوبت گھر کی نیلامی تک جاپہنچی

فلمساز کا کہنا تھا کہ سنی دیول نے مجھ سے رقم لی اور وعدہ کیا کہ وہ لوٹا دیں گے لیکن بعد ازاں وہ مجھے فون کرکے مختلف شہروں میں بلاتے رہے اور'نجی مسائل' کا کہہ کر ٹالتے رہے۔

سنیل درشن نے کہا کہ بعد ازاں سنی دیول نے مجھ سے ایک فلم کی پروڈکشن میں مدد طلب کی اور کہا کہ وہ میرے ساتھ ایک فلم کریں گے اور فلم مکمل کرکے میری تمام رقم ایڈجسٹ کردیں گے۔

فلمساز کا کہنا تھا کہ میں پہلے ہی اس کے ساتھ دو فلمیں کرچکا تھا اس لیے تیسری بار بھی ہامی بھرلی، نا تو فلم مکمل ہوئی، نا ہی مجھے پیسے ملے، میں 4 سال تک سنی دیول کے پیچھے بھاگتا رہا، اس دوران اس کی کچھ فلمیں ہٹ ہوئیں، کچھ فلاپ ہوگئیں، یوں میں عدالت تک پہنچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ 27 سال ہوچکے ہیں اور میں عدالت کے چکر کاٹ رہا ہوں، سنی دیول کے پاس بہت سی جائیدادیں ہیں لیکن وہ دوسروں سے لی گئی رقم واپس کرنا بھول گیا ہے۔