راولپنڈی: دھمیال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاک اسٹار بننے کی خواہشمند دو بہنوں کے اغواء اور جسم فروشی پر مجبور کرنے میں ملوث گینگ کے 6 ملزمان گرفتار کرلیے۔
پولیس نے دونوں مغوی بہنوں کو بازیاب کروا لیا، جن کی عمریں بالترتیب 14 اور 13 سال ہیں۔ راولپنڈی پولیس نے ایک لڑکی سے زیادتی کرنے والے دو ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔
گینگ کے گرفتار ملزمان میں 02 خواتین اور 04 مرد شامل ہیں جنکی شناخت رمشاء ثناء، کلثوم اشرف، محمد آصف، ریاست علی، اکمل شہزاد اور وقار خان کے نام سے ہوئی۔
14 سالہ لڑکی سے زیادتی کرنے والے ملزمان میں گینگ کا رکن محمد آصف اور ایک اور ملزم عمر یعقوب شامل ہیں۔ لڑکیوں کے بیان کے مطابق وہ گھر سے ناراض ہو کر نکلی تھیں کہ گینگ کے ہتھے چڑھ گئیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق گینگ نے ٹک ٹاک اسٹار بنانے کا جھانسہ دے کر دونوں بہنوں کو اغواء کیا۔ اغواء کے بعد لڑکیوں کو جسم فروشی پر مجبور کیا گیا جس دوران بڑی بہن کے ساتھ زیادتی بھی کی گئی۔
پولیس نے دونوں لڑکیوں کے گھر سے جانے کی اطلاع پر اغواء کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ تفتیش میں انکشاف کے دوران زیادتی کے شواہد سامنے آنے پر زیادتی کرنے والے ایک اور ملزم عمر یعقوب کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔