عالمی ادارہ صحت نے حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومتوں سے ٹیسٹس کی تعداد میں اضافہ کرنے پر زور دیا ہے۔
ترجمان عالمی ادارہ صحت مارگریٹ ہیرس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حالیہ چند ہفتوں سے کوویڈ۔ 19 کے نئے ویریئنٹ کے کیسوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ کیسوں میں اضافے کے تناسب سے اموات کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا۔
مارگریٹ ہیرس کا کہنا ہے کہ ابھی اسپتال نازک حالت کے مریضوں سے بھرے دکھائی نہیں دے رہے لیکن کیسوں کی تعداد میں اضافہ باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایریس ویریئنٹس کیسوں میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں اور عالمی ادارے نے وائرس کی ان 2 نئی اقسام پر اپنی توجہ مرکوز کی ہوئے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ممالک ان ویریئنٹس کو بھی سنجیدگی سے لیں اور ان کی شدت کے بارے میں عالمی ادارے کو آگاہ کریں۔
مارگریٹ ہیرس نے کورونا کے مریضوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ عوامی اجتماع کے مقامات سے دور رہیں۔