48

میٹا نے تھریڈز کا ویب ورژن بھی لانچ کردیا

میٹا نے اپنے نئے ٹیکسٹ فرسٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز کا ویب ورژن لانچ کر دیا ۔ اب صارفین اپنے کمپیوٹرز سے لاگ ان کر کے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
 رپورٹ کے مطابق میٹا پلیٹ فارمز کا یہ اقدام سوشل میڈیا پر مائیکرو بلاگنگ کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر برتری حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے۔فیس بک اور انسٹاگرام کے مالک کا کہنا ہے کہ تھریڈز کے صارفین اب اپنے کمپیوٹرز سے لاگ ان کر کے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اپنی تھریڈز پوسٹ میں بتایا کہ ’ویب ورژن آئندہ چند دنوں میں صارفین تک پہنچ جائے گا۔‘وسیع پیمانے پر متوقع رول آؤٹ سے تھریڈز کو پاور صارفین جیسے برانڈز، کمپنی اکاؤنٹس، اشتہار بنانے والی کمپنیوں اور صحافیوں میں مقبولیت حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے جو اب پلیٹ فارم کو بڑی سکرین پر استعمال کر کے مستفید ہو سکتے ہیں۔

امریکہ کی ٹیلی کام کمپنی ’میٹا‘ کے سربراہ مارک زکربرگ نے گذشتہ ماہ بتایا تھا کہ ’کمپنی کے نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’تھریڈز‘ کے صارفین کی تعداد 50 فیصد کم ہوگئی ہے۔‘’تھریڈز‘ نے پانچ جولائی کو لانچ ہونے کے بعد چند روز میں 10 کروڑ سے زیادہ صارفین بنائے تھے جن میں سے زیادہ تر نے انسٹاگرام کے ذریعے اپنا اکاؤنٹ بنایا تھا۔تھریڈز کو انسٹاگرام کے ساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے صارفین کی تعداد کے حوالے سے اُن چیلنجز کا سامنا نہیں ہے جو کسی بھی نئی ایپ کو درپیش ہو سکتا ہے۔’انسٹاگرام‘ استعمال کرنے والے دو ارب سے زائد صارفین کو ’تھریڈز‘ تک آسان رسائی حاصل ہے جس سے اس نئی ایپ کے آغاز پر اس کے فالوورز کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا۔