46

پاکستانی کاشتکار نے چھوٹا ڈیم بنا کر سب کو حیران کردیا

کراچی : پنجاب کے کاشتکار نے بارانی علاقے میں اپنا نجی ڈیم بنالیا جس سے 100 ایکڑ رقبے کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے جس سے بنجر زمینیں بھی ہری بھری ہوگئیں۔

صوبہ پنجاب کے علاقے چکوال میں ایک کاشتکار نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک چھوٹا ڈیم تعمیر کیا ہے، کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اس ڈیم سے ابتدائی طور پر سو ایکڑ زمین کو سیراب کیا جارہا ہے جبکہ یہ ڈیم دو سو ایکڑ زمین کو سیراب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 چوہدری عرفان نے اپنے اس شاندار کارنامے سے متعلق ناظرین کو آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے علاقے میں پانی کا کوئی مستقل اور متبادل بندوبست نہیں تھا، ہمارا علاقہ بارانی ہے، زیر زمین پانی کے بہت مسائل تھے، جب ہم لوگوں نے دیکھا یہاں پر چشموں اور آبشار سے پانی بھی ضائع ہو رہا ہے،تو ہم نے سوچا کیوں نہ اسی پانی کو جمع کرکے اسی کو استعمال کیا جائے۔

کاشتکار چوہدری عرفان کا کہنا ہے کہ 40 ایکڑ پر محیط یہ ڈیم 6 سال کے عرصے میں تعمیر ہوا اور اس میں کسی ادارے یا کسی فرد نے کسی قسم کا کوئی کردار ادا نہیں کیا، ڈیم پر اس وقت تک ساڑھے چار کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آس پاس کے علاقے کے لوگ بھی اس سے مستفید ہو رہے ہیں اور علاقے کا واٹر ٹیبل بھی بہتر ہوگیا ہے، ڈیم سے 18 کیوسک کی ایک چھوٹی نہر بھی نکالی گئی ہےجس سے بنجر اور ویران پڑے رقبے پر سبزہ ہی سبزہ ہے۔

کاشتکار چوہدری عرفان نے بتایا کہ بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔