48

نصرت فتح علی خان کو دنیا سے رخصت ہوئے کے 25 برس بیت گئے

استاد نصرت فتح علی خاں کو ہم سے بچھڑے تو 25 برس بیت گئے ہیں مگر وہ اب بھی دلوں پر راج کرتے ہیں۔ شہنشاہ قوالی کا ایک مداح ایسا بھی ہے جو روزانہ ان سے ملنے آتا ہے۔

نصرت فتح علی خان کے سروں کا جادودنیا کے طول و عرض میں ان کے مداحوں کے سر چڑھ کربولتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی ان کے پچاسی سالہ مداح بابا اشرف کا ان سے پیار آج تک کم نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق کوئی دن ایسا نہیں جب بابا اشرف فیصل آباد جھنگ روڈ پر واقع شہنشاہ قوالی کے مزارپرنہ آئیں۔ بابا اشرف سروں کے بادشاہ کے مزارپرگھنٹوں بیٹھ کراپنا دل ہلکا کرتے ہیں۔

بابا اشرف مداح نصرت فتح علی خان کے مطابق جب ہم انڈیا میں تھے تو اپنے والد کےساتھ قوالیاں سنتے تھے۔ یہ محبت وہاں سے بڑھتی بڑھتی یہاں تک پہنچ گئی ہے۔ وہ (نصرت فتح علی خاں) جاتے جاتے ایسا چراغ روشن کر گئے ہیں جس کی روشنی سب کے لئے ہے۔

نصرت فتح علی خان کے مزارپرغلام فرید نامی شخص بھی مزارکی صفائی کرکےسروں کے بادشاہ سے اپنی والہانہ محبت وعقیدت کااظہار کر تا ہے۔

غلام فرید کے مطابق ”جب میں یہاں صفائی کرتا ہوں تومجھے اپنے گھرسے زیادہ اس جگہ پر سکون ملتا ہے۔“

یاد رہے کہ نصرت فتح علی خان 16 اگست 1997 کو دنیا سے کوچ کر گئے مگر فن قوالی کا ایسا سورج طلوع کیا جورہتی دنیا تک کبھی غروب نہ ہو سکے گا ۔