64

کراچی میں مبینہ مقابلہ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک، 2 گرفتار

کراچی میں کورنگی بروکس چورنگی کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا ہے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور دو کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ڈکیت ملزمان کی شناخت عبداللہ اور الطاف کے ناموں سے ہوئی ہے۔

سندھ رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ گشت پر مامور رینجرز اہلکاروں نے مشکوک ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز اور پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائر نگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران ایک ڈکیت موقع پر ہلاک جبکہ دو ڈکیت گرفتار کرلیے گئے۔

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان بمعہ اسلحہ ایمونیشن اور موٹر سائیکل، پولیس کے حوالے کر دیے گئے۔

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان کا کریمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔