39

خون کے کینسر کے علاج کیلئے نئی ادویات کے نتائج متاثر کن قرار

حالیہ برسوں میں کینسر دنیا میں اموات کی وجہ بننے والے چند بڑے امراض میں شامل ہو گیا ہے اور ہر سال اس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

مگر اب کینسر کے علاج کے لیے نئے علاج کے کلینیکل ٹرائل کے نتائج انتہائی متاثر کن رہے ہیں اور بہت زیادہ بیمار افراد بیماری کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔

برطانیہ کے کرسٹی این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ نئی تجرباتی ادویات کے کلینیکل ٹرائل خون کے کینسر کی مختلف اقسام کے حوالے سے کیے جا رہے ہیں اور زیادہ تر مریضوں کی حالت بہتر ہوئی ہے۔

خون کے کینسر کی ایک قسم myeloma ہے جس کے شکار مریضوں کے لیے علاج کا آپشن محدود ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ متعدد نئی امیونو تھراپی ادویات ابھی تجرباتی ہیں اور ٹرائل میں ان ادویات کے استعمال سے مدافعتی نظام نے متحرک ہوکر کینسر پر حملہ کیا جو انتہائی متاثر کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان ادویات کے استعمال سے ایسے دوتہائی سے زائد مریضوں کے مدافعتی نظام نے علاج پر ردعمل ظاہر کیا جن کے پاس کوئی روایتی آپشن باقی نہیں بچا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 90 فیصد سے زائد مریضوں میں علاج کا مثبت اثر دیکھا ہے۔

محققین نے کہا کہ امیونو تھراپی ادویات سے خون کے کینسر کے علاج کا طریقہ کار بدل جائے گا اور یہ ادویات کینسر کی اس قسم کے لیے اہم ثابت ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے توقع نہیں کی تھی کہ امیونو تھراپی ادویات خون کے کینسر کے خلاف اتنی مؤثر ثابت ہوں گی، مگر ٹرائل کے نتائج زبردست ہیں۔

خون کے کینسر کو کنٹرول کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اور اکثر مکمل مدافعتی نظام متاثر ہونے سے مریض بہت زیادہ بیمار ہو جاتے ہیں۔

اس کلینیکل ٹرائل میں شامل خون کے کینسر کی شکار خاتون 57 سالہ جین روس کا علاج نومبر 2022 میں شروع ہوا اور محض 7 ماہ بعد وہ بیماری کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئیں۔

اس عرصے میں انہیں ادویات کے استعمال سے معمولی مضر اثرات کا سامنا ہوا۔

اس علاج سے قبل وہ اکثر موسمی بیماریوں سے متاثر ہوتی تھیں مگر علاج شروع ہونے کے بعد ایسا نہیں ہوا اور اب اپنی زندگی دوبارہ گزارنے کے قابل ہوگئی ہیں۔