کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے ورک اسپیس کے لیے ڈاکس اور ڈرائیو میں ای سگنیچر (برقی دستخط) متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ برقی دستخط فیچر صارفین کو کسی بھی آفیشل معاہدے پر ٹیب بدلے بغیر گوگل ڈرائیو میں رہتے ہوئے ہی دستخط کرنے کی سہولت دے گا۔ اس دستخط میں نام، نام کے مخفف اور تاریخ شامل ہوں گی۔
گوگل کی جانب سے ایک لاک پی ڈی ایف فائل بنائی جائے گی اور دستخط کے لیے مطلوبہ فیلڈز کو پُر کرکے درخواست جمع کرا دی جائے گی جو مخصوص وصول کنندہ کو بھیج دی جائے گی۔ صارف کے پاس یہ سہولت ہوگی وہ ای سگنیچر کی درخواست کے اسٹیٹس کی نگرانی کریں۔
(تصویر: گوگل)
تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد ایک دستخط شدہ پی ڈی ایف علیحدہ سے دستخط بنانے والے کی ڈرائیو میں شامل ہوجائے گی اور بطور ای میل درخواست گزار اور دستخط کنندہ کو ارسارل کردی جائے گی۔
فی الحال یہ برقی دستخط گوگل ورکس اسپیس صارفین کے لیے اوپن بِیٹا میں ڈاکس پر دستیاب ہے۔
اس فیچر کا ہدف سولوپرینور(وہ کاروبار جس میں ایک ہی بندہ ملازم ہو) اور چھوٹے کاروبار ہیں جن میں معاہدوں اور دیگر دستاویزات کو باآسانی دیکھے کی ضرورت ہوتی ہے۔
گوگل کی جانب سے برقی دستخط میں مزید فیچرز کے اضافے پر بھی کام جاری ہے۔ ان فیچرز میں ملٹی سائنر (ایک سے زیادہ صارفین کے لیے ایک دستخط کی درخواست کی سہولت)، غیر جی میل صارف کے لیے اس سہولت کا استعمال، ڈرائیو میں محفوظ پی ڈی ایف فائل پر ای سگنیچر کرنے کی سہولت اور آڈٹ ٹریل (جس کے تحت تمام معاہدوں کے مکمل ہونے کے بعد خود بخود ایک ٹریل رپورٹ جاری ہوگی)۔