39

امریکہ، خود کشیوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

واشنگٹن: امریکہ میں خود کشی کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، 2022 میں 49 ہزار افراد نے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا ہے۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے نے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کے حوالے سے بتایا ہے کہ خود کشیوں کے لحاظ سے 2022  سب سے برا سال رہا ہے۔

حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا کے تحت امریکہ میں جنگ عظیم دوئم کے بعد خودکشیوں کا رجحان عام ہو گیا ہے۔

جاری کردہ حکومتی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں خودکشیوں کی شرح میں 2000 سے 2018 کے درمیان تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ میں خودکشیوں کی شرح 1941 کی جنگ عظیم کے بعد سب سے زیادہ رہی ہے، اس وقت ایک سال میں امریکہ میں 48300 افراد نے خودکشیاں کی تھیں۔

اعداد و شمار کے لحاظ سے 2021 میں خودکشی کی شرح میں چار فیصد اضافہ ہوا لیکن نئے ڈیٹا سے یہ واضح ہوتا ہے کہ خودکشی کا یہ نمبر ایک سال میں مزید 3 فیصد بڑھ گیا ہے جس میں ایک ہزار کا اضافہ ہوا، نتیجتاً خودکشی کرنے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 49 ہزار 449 ہو گئی۔

صنفی تفریق کے حوالے سے حکومتی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ 2022 میں خودکشی کرنے والوں میں مردوں کی تعداد 79 فیصد تھی۔

امریکی حکومت کی رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہر 10 میں سے 9 امریکی یہ سمجھتے ہیں کہ امریکہ ذہنی امراض کا سامنا کررہا ہے، لاتعداد افراد کو یہ بھی یقین ہے کہ کسی سے بھی اس ضمن میں مدد لینا ان کی کمزوری کی علامت ہے۔