نوابشاہ: ضلع نواب شاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے پنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی 8 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ہزارہ ایکسپریس کی متعدد بوگیاں ٹریک سے اتر کر گر گئیں جس کے باعث متعدد مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حادثے کی اطلاع پر ایمبولینس و پولیس جائے حادثہ روانہ ہوگئی۔
حادثے کے بعد اَپ ٹریک دیگر ٹرینوں کے لیے معطل ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ترجمان پاکستان ریلویز کراچی کے مطابق بریک دیر سے لگنے کی وجہ سے حادثے نے شدت اختیار کی، متاثرہ ٹرین کی 8 بوگیاں پٹری سے اتریں۔ حادثے کے نتیجے میں کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینوں میں تاخیر کا امکان ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نقصان کا اندازہ ابھی نہیں لگایا جاسکتا، چند گھنٹوں میں مشینوں کی مدد سے متاثرہ بوگیوں کو اٹھالیا جائے گا۔