92

چین میں طوفانی بارشوں سے تباہی؛11 افراد ہلاک اور27 لاپتا

بیجنگ: چین کے دارالحکومت میں بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 27 لاپتا ہو گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بیجنگ میں سمندری طوفان ڈوکسوری کی وجہ سے ہونے والی شدید بارشوں نے سیلابی کیفیت اختیار کرلی۔ پانی کے ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔

سڑکیں زیر آب آگئیں۔ نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بل بورڈز گر پڑے۔ مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی جن میں 2 ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ 27 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

یاد رہے کہ بیجنگ میں جولائی کے ماہ میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جار رہا جس سے ڈیم بھر گئے، ندیاں ابل پڑیں اور پانی کا ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ ان علاقوں سے ایک لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

عینی شاہدین نے اے ایف پی کو بتایا کہ جولائی 2012 کے بعد سے اتنا برا سیلاب نہیں دیکھا۔

یاد رہے کہ جولائی 2021 کے سیلاب میں 79 افراد ہلاک اور لاکھوں شہری محفوظ مقام پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے تھے۔