60

صرف 5 منٹ کی سخت ورزش سے کینسر کا خطرہ کم ہوسکتا ہے

سڈنی: ایک نئے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ 5 منٹ کی سخت ورزش، وزن اٹھانے، گھریلوکام، یہاں تک کہ سودا سلف لانے سے بھی کینسرکا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔ کیونکہ یہ عادتیں سخت درجے کی ورزش کے برابر ہیں۔

اس کا مطلب ہے کہ پانچ منٹ تک شدت بھری ایسی ورزش جو آپ کا سانس پھلادے وہ سرطان کے خلاف ایک اہم ڈھال بن سکتی ہے۔ مجموعی طور پر اس سے ہرقسم کے سرطان کا خطرہ 18 سے 20 فیصد تک ہوسکتا ہے اور کچھ اقسام کے سرطان کا خطرہ 32 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ خواتین گھریلو کام کرکے بھی یہ خطرہ کم کرسکتی ہے جن میں سودا سلف اٹھانا بھی شامل ہے۔ یہ تحقیق جامعہ سڈنی میں چارلس پرکنس سینٹر کے سائنسدانوں نے کی ہے۔ اس میں 22 ہزار ایسی خواتین  کو بھرتی کیا گیا جو باقاعدگی سے ورزش نہیں کررہے تھے۔ پھر ان کی کلائی پر جسمانی سرگرمی نوٹ کرنے والے ویئرایبل ٹریکر پہنائے گئے۔

تحقیق سے وابستہ ایمانویل اسٹے میٹکس اور ان کے ساتھیوں نے کہا کہ بطورِ خاص ایسی گھریلو خواتین کو شامل کیا گیا جو باقاعدگی سے ورزش نہیں کرتیں لیکن گھریلو کام اچھی طرح کرتی ہیں۔ انہیں خاص آلات پہناکر یہ دیکھا گیا کہ آیا وہ دن میں کتنی مرتبہ تیزشدت یا محنت والے کام کرتی ہیں اور ان کے کیا کیا جسمانی اثرات ہوسکتےہیں؟

جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن (جاما) اونکولوجی، میں شائع رپورٹ کے مطابق خواتین بھی روزانہ کام کاج کے دوران ایچ آئی آئی ٹی (ہائی انٹینسٹی انٹرویل ٹریننگ) سے گزرتی ہیں۔ خواتین کی کل تعداد 22398 تھیں جن کی اوسط عمر 62 برس تھی۔ ان میں سے کوئی بھی باقاعدہ ورزش نہیں کررہی تھیں۔ چھ تا سات برس تک ان تمام افراد کا مطالعہ کیا گیا۔ اس دوران کل 2365 خواتین کینسر کی شکار ہوئیں۔

جن خواتین نے روزانہ تین سے پانچ منٹ تک ورزش نما مشقت یا گھریلو کام کیا تھا ان میں کینسر کا خطرہ 18 سے 20 فیصد تک کم دیکھا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق بعض اقسام کے کینسر کی شرح میں 32 فیصد تک بھی کمی واقع ہوسکتی ہے۔