53

ٹوئٹرکی چڑیا آزاد، نئے لوگو کی جگہ ’ایکس‘ نے لے لی

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے کمپنی کا تاریخی لوگو تبدیل کرکے چڑیا کو آزاد کردیا۔ ٹوئٹرپرپرندوں کی جگہ اب ’ایکس‘ نے لے لی ہے۔

ٹوئٹر کی سی ای او مالک لنڈا یاکارینو نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ایکس آگیا ہے‘

ایلون مسک نے بھی اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ پر ٹمٹماتے ’ایکس‘ کی تصویر پوسٹ کی اوربعد میں ٹوئٹر اسپیس آڈیوچیٹ میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ٹوئٹرکا لوگو بدل جائے گا تو ’ہاں‘ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا‘۔

ٹوئٹرکے نئے لوگو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفید رنگ میں ایکس لکھا ہے جبکہ اس کا بیک گراؤنڈ سیاہ رنگ کا ہے۔

اس کے علاوہ ایلون نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا لوگو ’ایکس‘ میں تبدیل کرنے کے ساتھ بائیو بھی تبدیل کردیا ہے اور ’ایکس ڈاٹ کام‘ لکھا ہے۔

ٹوئٹر کا لوگو ’ایکس‘ میں تبدیل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر ’گڈ بائے ٹوئٹر‘ ٹاپ ٹرینڈ رہا۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کا لوگو کیوں تبدیل کیا؟

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹرخریدنے کے بعد کمپنی نے کاروباری نام تبدیل کرکے ’ایکس کارپوریشن‘ کردیا ہے جس سے ایلون مسک کا چینی سوشل میڈیا ایپلی کیشن ’وی چیٹ‘ کی طرح ایک ’سپر ایپلی کیشن‘ بنانے کا خیال ظاہر ہوتا ہے۔

ٹوئٹر کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ نیلے پرندے والا اس کا لوگو اس کا سب سے زیادہ قابل شناخت اثاثہ ہے، اسی لیے ہم اس کا بہت تحفظ کرتے ہیں۔