بالی وڈ کے اداکار عامر خان نے ایک مزاحیہ قصہ سناتے ہوئے بتایا ہےکہ اداکار شاہ رخ خان نے انہیں ایک لیپ ٹاپ گفٹ کیا تھا جو کبھی آن ہی نہیں ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار عامر خان نے حال ہی میں ٹیکنالوجی اور لیڈر شپ سمٹ میں شرکت کی۔
اس موقع پر اداکار عامر خان نے انکشاف کیا کہ وہ ٹیکنالوجی سے اتنا لگاؤ نہیں رکھتے تھے لیکن شاہ رخ خان انہیں ٹیکنا لوجی کی طرف لے کر آئے، میرا ٹیکنالوجی سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں تھا۔
تقریب میں انہوں نے ایک مزاحیہ قصہ سناتے ہوئے کہا کہ 1996 میں شاہ رخ خان اور میں امریکا اور برطانیہ میں ٹیکنالوجی پر ایک شو کر رہے تھے اور اس وقت شاہ رخ خان ٹیکنالوجی سے بہت واقف رہتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک کمپنی نے اس وقت ایک نیا لیپ ٹاپ نکالا جس پر شاہ رخ خان نے انہیں لیپ ٹاپ لینے کا مشورہ دیا،میں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی کمپیوٹر استعمال نہیں کیا مجھے کیا ضرورت ہے کمپیوٹر کی تو اس پر شاہ رخ خان نے کہا کہ تو سمجھ نہیں رہا، اس میں تو دفتر کی چیزیں ڈال، یہ ڈال وہ ڈال اور مجھے بہت سمجھایا تو میں نے کہا جو تو لے گا اپنے لیے وہی میرے لیے لے لینا۔
عامر خان نے مزید بتایا کہ شاہ رخ خان نے انہیں لیپ ٹاپ دیا جو انہوں نے پانچ سال تک استعمال ہی نہیں کیا اور جب پانچ سال بعد میں نے ایک نیا منیجر رکھا تو وہ بولا سر میں نے آپ کا ایک لیپ ٹاپ دیکھا ہے، وہ پڑا رہتا ہے کیا میں اسے استعمال کرسکتا ہوں؟ جس پر میں نے ہامی بھری اور کہا پلیز اسے استعمال کرو۔
عامر خان نے اپنی بات کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ جب منیجر نے لیپ ٹاپ آن کیا تو وہ آن ہی نہیں ہوا۔