43

سعودی عرب میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 نوجوان ہلاک

ریاض: سعودی عرب کے صوبے جازان میں بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جب کہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے صوبے جازان میں 3 افراد پر اس وقت آسمانی بجلی گر پڑی جب وہ ایک تھیٹر کے باہر چہل قدمی کر رہے تھے۔ تینوں کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

جازان کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے دیگر صوبوں میں بھی شدید گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور کئی وادیوں میں بارش کے پانی نے سیلابی کیفیت اختیار کرلی ہے۔ کچھ دیہاتوں کو خالی کرالیا گیا۔

سعودی عرب کے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ جازان اور عسیر کے صوبوں میں تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ گرج چمک کا بھی امکان ہے۔ شہریوں کو بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔