66

نوجوان بچیوں کو کہوں گی کہ خدارا اپنی شکلیں نہ چھیڑو ، بشریٰ انصاری

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے نوجوان اداکاراؤں کی کاسمیٹک سرجری کرانے کی مخالفت کر دی۔

حال ہی میں بشریٰ انصاری ایک انٹرویو میں شریک ہوئیں جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے بھی چہرے کی سرجری کروائی ہے لیکن یہ ایک غلط فہمی ہے کیونکہ انہوں نے کبھی اپنے چہرے کو ایسے نہیں چھیڑا کہ چہرے کے خدوخال ہی تبدیل ہو جائیں۔

اداکارہ نے انٹرویو میں کہا 'کاسمیٹک سرجری کروانے سے ڈر لگتا ہے کیونکہ یہ خطرناک کام ہے کہ کہیں کوئی گڑبڑ نہ ہو جائے، ایک عمر ہوتی ہے جس میں یہ چیزیں کرانا سمجھ آتا ہے، مثال کے طور پر اگر میں اپنی بھنویں تھوڑی سیٹ کروا لوں، اس میں کوئی حرج نہیں کیونکہ میری عمر ایسی ہے'۔

بشریٰ انصاری نے کہا 'میری عمر میں آکر ایسی سرجریز کروائی جا سکتی ہیں لیکن میں آنکھوں کے نیچے گالوں پر اتنا نہیں بھرواؤں گی کہ پلاسٹک لگوں، میں اپنے ہونٹوں کو نہیں بھروانا چاہتی'۔

انہوں نے بتایا کہ 'ایک مرتبہ کسی نے مجھ سے کہا کہ پتہ نہیں ہونٹوں میں کیا بھروا لیا، لیکن میں بڑی چالاکی سے آؤٹ لائن بہت اچھی بناتی ہوں اور اندر ہلکے رنگ کی لپ اسٹک لگاتی ہوں، اس سے ہونٹ بھرے اور ابھرے ہوئے لگتے ہیں، میرے ہونٹ بہت پتلے ہیں'۔

بشریٰ انصاری کا مزید کہنا تھا کہ 'مجھے کاسمیٹک سرجری کی زیادتی سے ڈر لگتا ہے، کہ کہیں کچھ برا نہ ہو جائے کیونکہ میری یہ شکل لوگوں کو 250 سے یاد ہے، اگر میری شکل بدل گئی تو مداح پریشان ہو جائیں گے اور یہ پتہ چل جاتا ہے'۔

اداکارہ کا کہنا تھا 'میں نوجوان بچیوں کو کہوں گی کہ خدارا اپنی شکلیں نہ چھیڑو، خدا کے لیے اپنے بال نہ ڈائی کرو، اتنے پیارے بال خراب ہو جاتے ہیں، اب تو چھوٹی چھوٹی بچیاں بالوں کو ڈائی کروا لیتی ہیں'۔