98

امام کعبہ شیخ یوسف بن محمد خطبہ حج دے رہے ہیں

میدان عرفات کی مسجد نمرہ سے شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمدبن سعید خطبہ حج دے رہے ہیں۔

خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت دنیا کی متعدد زبانوں میں براہ راست نشر کیا جارہا ہے۔

مناسک حج کے دوران منیٰ کی عارضی خیمہ بستی میں 8 ذو الحج کا پورا دن قیام کے دوران پانچوں وقت کی نمازیں ادا کر کے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کیلئے 9 ذوالحج کو نماز فجرکی ادائیگی کے بعد میدان عرفات میں جمع ہوئے۔

 میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا ہونےکے بعد حجاج کرام مسجد نمرہ سے خطبہ حج سن رہے ہیں جس کے بعد حجاج ظہر و عصر کی نمازیں یکجا کرکے ایک ساتھ ادا کریں گے۔

  اذان مغرب کے بعد حجاج میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازمغرب اور عشاء ملا کرادا کریں گے۔ 

عازمین حج آج رات بھر مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے عبادت اور ذکر و اذکار کرتے ہوئے رات گزاریں گے اور شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔

10 ذی الحج کو نماز فجر کے بعد مزدلفہ سے واپس منیٰ روانہ ہوں گے اور حضرت ابراہیم کی سنت کی پیروی میں رمی جمرات کریں گے، شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کریں گے، قربانی کے بعد حاجی احرام اتار دیں گے اور بال منڈوا کر طواف زیارت کے لیے مسجد الحرام جائیں گے، عازمین حج خانہ کعبہ جا کر طواف زیارت کریں گے اور واپس منیٰ جا کر ایام تشریق گزاریں گے ۔