کیا کبھی آپ کے ذہن میں یہ سوال آیا ہے کہ آپ کو اپنے بالوں کو شیمپو سے ہر ہفتے کتنی بار دھونا چاہیے؟
ہر فرد کا بالوں کی نگہداشت کرنے کا طریقہ کار مختلف ہو سکتا ہے اور یہ ان کا ذاتی حق بھی ہے۔
مگر کیا بالوں کو روزانہ شیمپو سے دھونا درست ہوتا ہے یا نہیں؟
ماہرین کے مطابق اس کا کوئی ایک واضح جواب نہیں کہ لوگوں کو ہر ہفتے کتنی بار بالوں کو شیمپو سے دھونا چاہیے۔
اس کا انحصار بالوں کی ساخت، انداز اور چکنائی پر ہوتا ہے۔
کچھ افراد کے لیے بہت زیادہ بالوں کو دھونا بالوں کے خشک اور خارش جیسے مسائل کا باعث بنتا ہے جبکہ کبھی کبھار دھونے سے بالوں میں چکنائی بڑھ جاتی ہے اور وہ بے جان نظر آنے لگتے ہیں۔
شیمپو کیسے کام کرتا ہے؟
پہلے تو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ شیمپو بالوں پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق شیمپو آئل یا چکنائی کو ایک جگہ جمع کر دیتا ہے تو اس کا بہت زیادہ استعمال بالوں کو خشک کر سکتا ہے یا وہ آسانی سے ٹوٹنے لگتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بال قدرتی طور پر ایک آئل sebum بناتے ہیں اور شیمپو بالوں کی صفائی کے لیے اضافی چکنائی، گرد اور دیگر کو پکڑتا ہے۔
بالوں میں کسی حد تک گرد کی موجودگی نقصان دہ نہیں بلکہ قدرتی ہوتی ہے اور بالوں میں کچھ چکنائی کو برقرار رکھنا ضروری ہوتا ہے۔
یہ چکنائی بالوں کو نمی فراہم کرتی ہے جبکہ جِلد اور بالوں کے درمیان حفاظتی رکاوٹ کا بھی کام کرتی ہے۔
تو بالوں کو ہر ہفتے کتنی بار شیمپو سے دھونا چاہیے؟
بیشتر افراد کے لیے روزانہ شیمپو کا استعمال ضروری نہیں ہوتا۔
درحقیقت ہر ہفتے چند بار بالوں (2 سے 5 بار) کو صرف پانی سے دھونا ہی گرد اور کچرے کی صفائی کے لیے کافی ہوتا ہے۔
البتہ اگر آپ کے بال بہت ہلکے ہیں یا بہت زیادہ پسینہ آتا ہے یا بہت زیادہ مرطوب موسم والے علاقے میں رہتے ہیں تو بالوں کو روزانہ شیمپو سے دھونا نقصان نہیں پہنچاتا۔
اگر آپ کے بال زیادہ گھنے ہیں اور ان میں آئل کی مقدار کم ہوتی ہے تو شیمپو کی ضرورت بہت کم ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق خشک یا گھنگریالے بالوں کے مالک افراد کو بال کم دھونے پر بھی زیادہ مسائل کا سامنا نہیں ہوتا۔
اسی طرح بال سفید ہو رہے ہیں یا ان پر ڈائی یا کلر کا استعمال کرتے ہیں تو شیمپو سے چند دن کی دوری سے نقصان نہیں ہوتا۔
البتہ موسم بہت زیادہ گرم ہے یا سخت ورزش کرتے ہیں یا بالوں میں آئل بہت زیادہ ہے تو روزانہ یا ہر دوسرے دن بالوں کو دھونا چاہیے۔
تو کتنا وقفہ بہت زیادہ ہوتا ہے؟
ماہرین کے مطابق بالوں کو دھونے کا وقفہ 14 سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔
اس دوران اگر بال بہت زیادہ چکنے ہو جائیں یا گرد سے پرت جم جائے تو بال دھو لینے چاہیے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔