33

پی ٹی آئی کو کچلنا فاشسٹ حکومت کا یک نکاتی ایجنڈا ہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ فاشسٹ حکومت کا ایک نکاتی ایجنڈا ہے پی ٹی آئی کو کچل دیا جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق وزیراعظم نے لکھا کہ قانون کی حکمرانی کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے اس فاشسٹ حکومت کا، جنرل (ر) پرویز مشرف کے مارشل لاء سے بھی بدتر، ایک نکاتی ایجنڈا ہے جو پی ٹی آئی کو کچلنا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ملکی معیشت تیزی سے تباہی کی طرف جا رہی ہے، اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 315 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ شناختی کارڈ ہولڈرز کو 320 روپے سے 325 روپے کے درمیان مل رہا ہے۔ آفیشل ریٹ اور اوپن مارکیٹ ریٹ کے درمیان فرق 30 روپے ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ معیشت کے اس ڈالرائزیشن کا مطلب ہے کہ ملک میں مقامی یا غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہو، جس کے نتیجے میں جی ڈی پی مزید تنزلی کا شکار ہو جائے گی اور اس سے بھی بدتر افراط زر کا باعث بنے گا۔

عمران خان نے لکھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں کے پاس اربوں ڈالر بیرون ملک جمع ہیں، پیسے کی گراوٹ سے حکمرانوں کو کوئی فرق نہیں پڑ رہا۔

آخر میں انہوں نے لکھا کہ سوال یہ ہے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کس طرح ملک کو مکمل معاشی بدحالی کی طرف جانے دے رہی ہے؟