23

حکومت کا 25 مئی کو’’یوم تکریم شہداء پاکستان“ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان

حکومت نے 25 مئی کو’’یوم تکریم شہداء پاکستان“ منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

25 مئی کو تمام سرکاری ونجی دفاتر و تعلیمی ادارے بند رہیں گے، اور اس روز شہداء پاکستان کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے دن منایا جائے گا، ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیں ہوں گی۔

25 مئی کو افواجِ پاکستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یادگارِ شہدا پر سلامی دی جائے گی، جب کہ جی ایچ کیو، ایئر اور نیول ہیڈکوارٹرز اور دیگر متعدد یادگار شہداء پر تقریبات ہوں گی، اور صوبائی دارالخلافہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پر تقریبات ہوں گی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 مئی کو، مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے، شہداء اوراُن کی فیملیز اور یادگاروں کااحترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریبِ میں خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے بھی کہا تھا کہ 25 مئی کو “یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “ کے طور پر منایا جائے گا۔