31

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ عام انتخابات 2017ء کی مردم شماری پر ہی کروائے جائیں گے، نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے حتمی نتائج نہ آنے کے باعث فیصلہ کیا گیا، الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ملک بھر میں عام انتخابات 2023ء کی تیاریاں شروع کردیں۔ واضح کیا ہے کہ 2017ء کی مردم شماری پر ہی انتخابات کرائے جائیں گے۔

ای سی پی کا کہنا ہے کہ نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے حتمی نتائج نہ آنے کے باعث فیصلہ کیا گیا، عام انتخابات 2023ء پرانی مردم شماری پر کی گئی حلقہ بندیوں پر ہی ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 5 اگست 2022ء کی حلقہ بندیوں پر ہوں گے، حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، عام انتخابات میں ساڑھے 12 کروڑ ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ای سی پی نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی 272 کی بجائے 266 جنرل نشستوں پر الیکشن ہوں گے، فاٹا انضمام کے بعد قبائلی علاقوں کی قومی اسمبلی میں 6 نشستیں کم ہوگئیں، پنجاب اسمبلی 297، بلوچستان اسمبلی 51 جنرل نشستوں پر انتخاب ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ اسمبلی کی 130، خیبرپختونخوا کی 115 جنرل نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔

ای سی پی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت تاحال حالیہ ڈیجیٹل مردم شماری کے حتمی نتائج جاری نہیں کرسکی۔