20

عمران خان نے جناح ہاؤس واقعے کی مذمت کردی

سابق وزیراعظم عمران خان نے بالآخر جناح ہاؤس واقعے کی کھل کر مذمت کردی۔ کہتے ہیں کہ پہلے بھی مذمت کی، ہر کوئی مذمت کرتا ہے، اس سے ملک کی بدنامی ہوئی۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان مختلف مقدمات میں ضمانتوں کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچے ہوئے ہیں، جہاں کمرہ عدالت میں کورٹ رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جناح ہاوس پر حملے کی مذمت کی۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ سب معاملات کو قطع نظر رکھ کر بتائیں کیا جناح ہاؤس حملے کی مذمت کرتے ہیں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں نے پہلے بھی مذمت کی، ہر پاکستانی مذمت کرتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جناح ہاؤس واقعےسے پاکستان کی بدنامی ہوئی، ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ خوف کی فضا میں ملک نہیں چل سکتا، 7 ہزار لوگوں کو گرفتار کرکے پی ڈی ایم خود پھنس گئی ہے، اسی بنیاد پر کہا تھا کہ ایک ہفتے میں معاملات درست ہوجائیں گے۔ جس جماعت کا ووٹ بینک ہو اسے ہرایا نہیں جاسکتا، اتنے ووٹ بینک رکھنے والی جماعت میں کسی کے آنے جانے سےکوئی فرق نہیں پڑتا۔ یکطرفہ مذاکرات نہیں ہوسکتے، ہم تو 11 ماہ سے مذاکرات کی بات کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے جناح ہاؤس (کور کمانڈر ہاؤس لاہور) پر دھاوا بول دیا تھا، جہاں توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگادی گئی تھی۔