29

زمان پارک میں عمران خان کے گھر کی تلاشی کے لیے پولیس نے سرچ وارنٹ حاصل کرلیا

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے گھر زمان پارک میں موجود دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے حکومتی وفد آج زمان پارک جائے گا۔

زمان پارک میں عمران خان کے گھر کی تلاشی کے لیے پولیس نے سرچ وارنٹ حاصل کرلیا- کمشنر لاہور کی سربراہی ٹیم مذاکرات کے بعد زمان پارک عمران خان کے گھر کی تلاشی لے گی۔

کمشنر لاہور کی سربراہی میں ٹیم آج زمان پارک پہنچے گی۔ عمران خان کی رہائشگاہ کی سرچ پر اتفاق رائے ہونے کی صورت میں 400 پولیس اہلکار زمان پارک پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والوں میں سے 30 سے 40 لوگ زمان پارک میں موجود ہیں جنہیں 24 گھنٹے کے اندر پولیس کے حوالے کردیا جائے بصورت دیگر زمان پارک پر آپریشن کرکے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

اس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئر عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ میرے لیے بھی فائدہ مند بات ہے، اگر آپ نے زمان پارک میں آنا ہے، تو سرچ وارنٹ لیکر آئیں۔

دوسری طرف پنجاب حکومت کی جانب سے زمان پارک میں موجود افراد کی گرفتاری کے لیے 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، اب زمان پارک جانے والے تمام راستے بند ہیں۔

پولیس نے رکاوٹیں لگا کر دھرم پورہ پل کو بھی بند کر دیا گیا اور دھرمپورہ پل پل پولیس کی بھاری نفری پہنچ چکی ہے۔ راستے بند ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اُدھر پنجاب حکومت نے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کو فری ہینڈ دے دیا تاہم حکومتی ڈیڈ لائن کے باوجود پی ٹی آئی قیادت نے شرپسندوں کو پولیس کے حوالے نہیں کیا۔

مزید برآں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی سول لائنز حسن جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ 30 سے 40 لوگ زمان پارک میں موجود ہیں، 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جو فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے، زمان پارک میں تاحال شرپسند افراد موجود ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن سمیت دیگر معاملات کے فیصلے اوپر کی سطح پر کیئے گئے ہیں، آپریشن سے متعلق فیصلہ اعلی افسران کے حکم پر ہوگا، راستوں کی بندش سے عوامی تکلیف کا اندازہ ہے، امید کرتا ہوں جلد تمام راستے کھل جائیں گے۔

اُدھر کورکمانڈر ہاؤس پر حملے ميں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے کمشنر لاہور کی سربراہی میں خصوصی ٹیم پی ٹی آئی حکام سے مذاکرات کرنے آج زمان پارک پہنچے گی۔

نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ زمان پارک میں 4 نہیں 40 دہشت گرد ہیں، اس لیے کم از کم 400 پولیس اہلکار زمان پارک جائیں گے۔