24

پی ٹی آئی کو ایک اور دھچکا ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد امجد کا پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد امجد نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کرلیں۔

تحریک انصاف کی ایک اور وکٹ گرنے کو تیار ہے، اور محمود مولوی اور عامر کیانی کے بعد اب پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد امجد نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی محمد امجد نے پارٹی سے علیحدگی کی تصدیق کردی ہے۔

پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد امجد آج شام 6:00 بجے پریس کانفرنس میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کریں گے۔

عامر کیانی کا پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان

گزشتہ روز راجا عامر کیانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت سے دستبردار ہورہا ہوں، صرف پارٹی ہی نہیں بلکہ سیاست بھی چھوڑ رہا ہوں، اس کا فیصلہ 2 ماہ پہلے کر لیا تھا، آج صرف اعلان کیا ہے۔

عامر کیانی کا کہنا تھا کہ میرے آباؤ اجداد پاک فوج میں ہیں، میرے سسر بھی فوجی ہیں، میری اس ادارے سے محاذ آرائی نہیں بنتی، پاکستان کی بقا اس کے ادارے ہیں، اداروں کے خلاف کھڑا ہونا بدنصیبی ہے، 9 مئی کے واقعات پر دکھ ہے، جدوجہد ہم نے سیاسی لوگوں کے خلاف کرنی ہے، ایسی سیاست نہیں کرسکتا جس سے پاکستان کی سلامتی پر آنچ آئے۔

پی ٹی آئی رہنما سے سوال کیا گیا کہ کیا فیصلے سے قبل عمران خان کو آگاہ کیا۔ تو راجا عامر کیانی نے کہا کہ میری ایک ماہ سے عمران خان سے بات نہیں ہوئی۔

محمود مولوی کا پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان

16 مئی کو پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے محمود مولوی نے بھی پارٹی اور قومی اسمبلی رکنیت سے استعفی دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اداروں اور اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کاحامی نہیں ہوں، میں اپنی فوج کے کبھی خلاف گیا اور نہ کبھی جاؤں گا۔

محمود مولوی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو املاک جلانے پر احتجاجا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، میں نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر ہی کھیلا ہے، مجھے کسی سے کوئی خوف نہیں ہے۔

سابق ایم این اے نے کہا کہ فوج کی یادگاروں کی توڑ پھوڑ سے ہم کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، وہ کام کئے جارہے ہیں جو بھارت نہ کرسکا، میں سمجھا تھا کہ پی ٹی آئی سلجھی ہوئی جماعت ہے، یہ واقعہ دیکھنے کے بعد مجھے بہت افسوس ہوا۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور وہ 24 گھنٹوں میں پریس کانفرنس کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سیف اللہ ابڑو کا پی ٹی آئی کے موجودہ بیانیے سے اظہار لاتعلقی کرچکے ہیں اور انہوں نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔