32

یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید جناح ہاؤس کو آگ لگانے کے ذمہ دار قرار

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عباد فاروق نے کور کمانڈر ہاؤس کو آگ لگانے کا ذمہ دار ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو قرار دے دیا۔

لاہور کے حلقہ پی پی ایک 148 سے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق نے ویڈیو پیغام میں تحریک انصاف کا ٹکٹ بھی واپس کرنے کا اعلان کردیا۔

خیال رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کی حکمت عملی کو لیکر پی ٹی آئی رہنماؤں کی مسلسل آڈیوز لیک سامنے آ رہی ہیں۔ 10 مئی کو پی ٹی آئی رہنما میاں عباد فاروق کی مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ یاسمین راشد کا حکم ہے کہ کور کمانڈر آفس کو آگ لگا دو۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران محمود مولوی نے پی ٹی آئی اور قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کیا۔

محمود مولوی نے کہا کہ میں فوج کے خلاف نہ کبھی گیا اور نہ کبھی جاؤں گا، پی ٹی آئی نے وہ کام کر دیا، جو کبھی بھارت بھی نہیں کرسکا۔